0
Thursday 19 Jan 2012 14:51

برطانیہ میں بیروزگاری کی شرح میں ریکارڈ اضافہ

برطانیہ میں بیروزگاری کی شرح میں ریکارڈ اضافہ
برطانیہ میں بیروزگاری کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے۔ ٹوری، لب ڈیم اتحادی حکومت میں صرف گزشتہ تین ماہ کے دوران ایک لاکھ 18 ہزار سے زیادہ افراد بیروزگار ہو گئے ہیں۔ اس طرح ملک میں بیروزگار افراد کی تعداد 27 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ جبکہ بے روزگاری الاؤنس حاصل کرنے والوں کی تعداد 16 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، بدھ کو سامنے آنے والے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین ماہ میں بیروزگاری کی شرح میں زبردست اضافہ  ہوا، جس کے نتیجے میں اب برطانیہ میں 2.685 ملین افراد بیروزگار ہیں۔ محکمے کے مطابق جنوری 1996ء میں بیروزگاری کی شرح 8.3 فی صد کے ساتھ اپنی ریکارڈ سطح پر تھی، مگر اس سال برطانیہ نے بیروزگاری کی نئی حدوں کو چھو لیا ہے اور یہ شرح اس سال جنوری میں 8.4 فی صد تک پہنچ گئی ہے۔ 

لیبر پارٹی نے اس شرح کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے صورتحال میں فوری طور پر اصلاح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لیبر لیڈر ایڈ ملی بینڈ نے بدھ کو وزیراعظم کے وقفہ سوالات کے دوران بیروزگاری اور معاشی ابتری کا الزام حکومتی کٹوتیوں پر لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جس تیزی کے ساتھ کٹوتیاں کی ہیں ان کے نتیجے میں لاکھوں لوگ بیروزگار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بعض کٹوتیوں کے حق میں ہیں مگر ان کٹوتیوں کو تیزی کے ساتھ نہیں کیا جانا چاہئے۔ 

وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایڈملی بینڈ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کو واپس کام پر لانے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام فوری طور پر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے قوم سے یہ وعدہ کر رکھا ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ کی مدت کے اختتام تک بیروزگاری کی شرح میں نمایاں حد تک کمی ہو گی اور برطانیہ کے اندر اقتصادی صورتحال بہت بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے دوسرے ممالک جیسی اقتصادی بحران سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ مشکل فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شرح سود کی حد کو کم ترین سطح پر رکھ کر معیشت کو سہارا دے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بڑے پیمانے پر خسارہ انہیں لیبر حکومت سے ورثے میں ملا ہے اور صورتحال کو ٹھیک کرنے کے لئے مشکل فیصلوں پر عمل درآمد کرنا ضروری ہے۔ 

سرکاری اعداد و شمار کے محکمے کے مطابق صرف دسمبر 2011ء میں بیروزگاری کا الاؤنس حاصل کرنے کے لئے 1200 افراد نے درخواستیں دیں، جس کے بعد یہ الاؤنس حاصل کرنے والوں کی تعداد 16 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ محکمے کے اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ روزگار تلاش کرنے والے نوجوانوں کی تعداد میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ 16 سے 24 سال کی عمروں کے دس لاکھ سے زیادہ افراد نے ملازمتوں کی تلاش شروع کی ہے۔ اس طرح روزگار تلاش کرنے والے نوجوانوں کی شرح 22.3 فی صد تک پہنچ گئی ہے۔ 

اعداد و شمار میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ملازمتیں حاصل کرنے والوں کی تعداد میں بھی معمولی اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 18 ہزار نئے افراد کو ملازمتوں ملیں، اس طرح برطانیہ میں کام کرنے والوں کی تعداد 29.119 ملین ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق سرکاری ملازمتوں میں ہونے والی کٹوتیوں کی تلافی نجی شعبے کی جانب سے مکمل طور پر نہیں کی جا رہی۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا تھا کہ سرکاری شعبے کی ملازمتوں کی کٹوتیوں کی تلافی پرائیویٹ شعبے میں ملازمتوں کے مواقع نکالے جانے کے ذریعے کی جا رہی ہے، تاہم اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں 67 ہزار سرکاری ملازمین کو فارغ کیا گیا، جبکہ اس کے جواب میں پرائیویٹ سیکٹر نے صرف 5 ہزار افراد کے لئے ملازمتوں کے مواقع نکالے۔ 

برٹش چمبر آف کامرس کے چیف اکنامسٹ ڈیوڈ کرن نے کہا ہے کہ ملازمتوں کے لئے موجودہ صورتحال انتہائی مشکل ہے، مگر معیشت کے بعض پہلو مثبت بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کی شرح میں ریکارڈ اضافے کے باوجود ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کی بڑی تعداد بیروزگاری کو ترک کر کے لیبر مارکیٹ میں واپس آ رہی ہے۔ روزگار کے حوالے سے سرگرمیوں میں بھرپور اضافہ بھی ہو رہا ہے۔ 
 
اعداد و شمار میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیلف ایمپلائیڈ افراد کی تعداد میں بھی ایک لاکھ ایک ہزار کا اضافہ ہوا ہے اور اب یہ تعداد 4.2 ملین کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جُز وقتی طور پر ملازمت کرنے اور سیلف ایمپلائیڈ کی تعداد میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور برطانیہ میں اب یہ تعداد 44 لاکھ ہو گئی ہے جو 1992ء کے مقابلے میں 13 لاکھ زیادہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کل وقتی ملازمتیں نہ ملنے کی وجہ سے لوگ جُز وقتی کام کرنے پر مجبور ہیں۔
خبر کا کوڈ : 131580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش