0
Friday 20 Jan 2012 20:14

سانحہ خانپور میں پنجاب حکومت ملوث ہے، ایم ڈبلیو ایم

سانحہ خانپور میں پنجاب حکومت ملوث ہے، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر خانپور میں جلوس ہائے عزا پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے خلاف آج ملک بھر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے سانحہ خانپور کے خلاف یوم سوگ منایا۔ شہر کراچی میں بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس سلسلے میں کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مرکزی مظاہرہ جامع مسجد حسینی برف خانہ ملیر پر کیا گیا، جس سے مولانا علی انور جعفری، محمد مہدی، علامہ سلمان حسینی اور علی اوسط سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ خانپور میں ملوث کالعدم سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سانحہ خانپور میں پنجاب حکومت ملوث ہے، لہذٰا پنجاب حکومت فوری طور پر برطرف ہو جائے، رہنماؤں نے مستقبل قریب میں درجنوں مقدمات اور شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم دہشت گرد گروہ لشکر جھنگوی کے سرغنہ ملک اسحاق کی ممکنہ رہائی کو پاکستان اور ملت جعفریہ کے خلاف کھلی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملک اسحاق کی قید میں مزید توسیع کرنے کے بجائے اسے رہا کئے جانے کے امکانات پاکستان کے خلاف سنگین سازش اور ملت جعفریہ پاکستان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے برابر ہے، جبکہ اس اقدام سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب حکومت اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے کالعدم دہشت گرد گروہ لشکر جھنگوی اور دیگر کالعدم دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی میں مصروف عمل ہے اور پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ دہشت گرد دراصل اپنے غیر ملکی آقاؤں امریکہ، اسرائیل سمیت بھارت کی ایماء پر بانی پاکستان کی اولادوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ پاکستان کو سازشوں کا شکار کیا جائے، رہنماؤں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر ملک بھر اور بالخصوص کراچی میں شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ نہ روکا گیا تو عوام کے غم و غصہ کا سیلاب حکومت کو بہا لے جائے گا، انہوں نے سختی سے مطالبہ کیا کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے جلوس عزا میں سکیورٹی کے انتظامات کو ٹھیک سے انجام نہ دینے پر پولیس انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سانحہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 131847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش