QR CodeQR Code

پاکستان، افغانستان اور ایران میں اتحاد ہو جائے تو امریکہ بھاگ جائے گا، لیاقت بلوچ

24 Jan 2012 21:54

اسلام ٹائمز:جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ امریکہ کی نظریں ہمارے ایٹمی پروگرام پر ہیں وہ کسی طور بھی یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ کوئی مسلمان ملک ایٹمی طاقت بنے اس حوالے سے اسے بھارت اور اسرائیل کی بھی مکمل حمایت حاصل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ایران کے صدر محمود احمدی نژاد کے اس بیان کہ ’’ پاکستان امریکی دباؤ میں نہ آئے تو پاکستان کے مسائل ایران حل کر دے گا‘‘ کو حقیقت پر مبنی قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغانستان اور ایران میں اتحاد ہو جائے تو امریکہ بھاگ جائے گا۔ ایران، افغانستان اور پاکستان مل کر ایک مشترکہ پالیسی اختیار کریں تو امریکہ کے لئے خطے میں ٹھہرنا ناممکن ہو جائے گا۔ امریکہ تینوں ممالک کی آزادی اور خودمختاری پر حملہ آور نہیں ہو سکے گا جب کہ تینوں ممالک کے مابین معاشی اور اقتصادی سرگرمیاں بھی فروغ پا سکیں گی۔

’’اسلام ٹائمز ‘‘ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ اگر یہ تینوں ممالک ایک ہو جائیں تو بہت سارے مسائل خودبخود حل ہو جائیں گے اور ہمیں کسی غیر مسلم ملک کا دست نگر بھی نہیں ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں ملک ایسے ہیں کہ ان میں اللہ پاک نے معدنیات کی دولت رکھی ہے، ایران کے پاس تیل کی دولت ہے، پاکستان کے پاس کوئلہ اور سونے کی کانیں ہیں جب کہ افغانستان میں بھی بہت سے معدنیات ہے جس کو نکالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی بدقسمتی کی یہ ایک عرصہ سے دشمنوں کی دست جفاکیش کا شکار چلا آ رہا ہے جس وجہ سے وہاں کی ترقی پر توجہ نہیں دی جا سکی، اگر پاکستان اور ایران باہمی تعاون سے افغانستان میں کام کریں تو تینوں ملکوں کی تقدیر سنور سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے عزائم لے کر ہی افغانستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ وہاں سے دولت سمیٹ کر اپنے ملک لے جائے اس حوالے سے بھی ہمیں سوچنا ہو گا۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ امریکہ کی نظریں ہمارے ایٹمی پروگرام پر ہیں وہ کسی طور بھی یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ کوئی مسلمان ملک ایٹمی طاقت بنے اس حوالے سے اسے بھارت اور اسرائیل کی بھی مکمل حمایت حاصل ہے اور یہ تینوں ملک مل کر پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں لہذا پاکستان، افغانستان اور ایران کو بھی مل کر ان کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ملک آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور ہم ایک دوسرے سے بہت سے فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 132781

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/132781/پاکستان-افغانستان-اور-ایران-میں-اتحاد-ہو-جائے-امریکہ-بھاگ-گا-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org