QR CodeQR Code

3 وکلاء کی شہادت، علامہ ناظر عباس تقوی کا ہڑتال کا اعلان، ایم ڈبلیو ایم نے بھی حمایت کر دی

25 Jan 2012 21:52

اسلام ٹائمز:مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنماؤں نے شیعہ علماء کونسل کی جانب سے اعلان کردہ ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے، رہنماؤں نے کہا ہے کہ یکم محرم سے جاری شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں اور کالعدم جماعتوں کیخلاف آپریشن نہیں کیا گیا تو ملت جعفریہ راست اقدام پر مجبور ہو گی۔


اسلام ٹائمز۔ نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں تین وکلاء کی شہادت کی پرزور مذمت کرتے ہیں، واقعہ کی ذمہ دار کالعدم جماعتیں اور حکومت سندھ ہیں، پاکستان چوک پر شیعہ وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ میں کالعدم دہشتگرد گروہ سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی ملوث ہیں، جن کو گورنر سندھ اور وزیراعلٰی سندھ کی حمایت حاصل ہے، یکم محرم سے جاری شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگردوں اور کالعدم جماعتوں کے خلاف آپریشن نہیں کیا گیا تو ملت جعفریہ راست اقدام پر مجبور ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سے تعلق رکھنے والے شیعہ رہنماؤں مولانا ناظر عباس تقوی، محمد مہدی، مولانا علی انور، مولانا منور نقوی، میثم عابدی نے ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے تین وکلاء کی بےہیمانہ شہادت پر اپنے مذمتی بیان میں کیا۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے تین وکلاء کی شہادت پر بروز جمعرات 26 جنوری ہڑتال کا اعلان کر دیا، جبکہ مجلس وحدت مسلمین نے ہڑتال کی حمایت کے ساتھ ساتھ تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یکم محرم سے شروع ہونے والی دہشتگردی کی کارروائیوں میں شیعہ نسل کشی جاری ہے، جس پر حکومتی اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کالعدم تنظیموں سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی کی سرپرستی کرنے کے بجائے ان کے خلاف فوری کارروائی کرے ورنہ ملت ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کرے گی اور پھر حکومتی ایوانوں میں بیٹھے دہشتگردوں کو اور ان کے بیرونی آقاؤں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔

شیعہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ اپنے کئے ہوئے وعدے پر عمل پیرا ہوں اور ملت جعفریہ میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کریں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہمارا خون اس ملک کی بنیادوں میں شامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم اس ملک میں امن و سلامتی کی خاطر صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑتے، لیکن ہمارے صبر کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ شیعہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص شر پسند ٹولہ ملک بھر میں مقدسات کی توہین کرتا ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے آگے بے بس نظر آتے ہیں، ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنے کی کوششیں کرنے والے عناصر کو بے نقاب کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔


خبر کا کوڈ: 133061

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/133061/3-وکلاء-کی-شہادت-علامہ-ناظر-عباس-تقوی-کا-ہڑتال-اعلان-ایم-ڈبلیو-نے-بھی-حمایت-کر-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org