QR CodeQR Code

امید ہے فلسطینی عوام کے ساتھ انصاف کا آغاز ہو گا

گولڈ سٹون رپورٹ پر کارروائی فلسطینی عوام، حق اور انصاف کی فتح ہے: مشعل

17 Oct 2009 14:21

اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو جنگی جرائم ۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰


 اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو جنگی جرائم کی پاداش میں اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے اور اس سے فلسطین میں ریاستی دہشت گردی اور جنگی جرائم کا حساب لے۔ جمعہ کے روز عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی میں گولڈ سٹون رپورٹ کا معاملہ ایک بار پھر اٹھایا جانا قابل تحسین اقدام ہے۔ یہ فلسطینی عوام، حق اور انصاف کی فتح ہے، امید ہے اس رپورٹ پر غیرجانبدارانہ اور شفاف کارروائی کی گئی تو مظلوم فلسطینی عوام کو انصاف ملے گا۔ خالد مشعل نے انسانی حقوق کی علاقائی اور عالمی تنظیموں کے معاملے میں گولڈ سٹون کی رپورٹ پر حماس کے ہم آواز ہونے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ایک سوال کے جواب میں حماس کے راہنما نے کہا کہ گولڈ سٹون کی رپورٹ پر کارروائی فلسطینی عوام کے بھرپور مطالبے اور اصرار کے بعد شروع کی گئی ہے، اس کے علاوہ دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی رپورٹ پر کارروائی کا کھل کر مطالبہ کیا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کو گولڈ سٹون پر کارروائی کے اقوام متحدہ کے فیصلے پر مبارکباد دی اور کہا کہ خدا نے چاہا تو اس فیصلے سے فلسطینی عوام کے ساتھ انصاف کا آغاز ہو گا اور اسرائیل کے مزید قبیح جرائم دنیا کے سامنے آئیں گے۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی نے رچرڈ گولڈ سٹون کی غزہ میں جنگ کےدوران اسرائیلی دہشت گردی سے متعلق رپورٹ پر بحث کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی کے اجلاس میں موجود 26 ممالک کے مندوبین نے کارروائی کی حمایت کی جبکہ 6 نے مخالفت کی اور 11 ممالک نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔


خبر کا کوڈ: 13314

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/13314/گولڈ-سٹون-رپورٹ-پر-کارروائی-فلسطینی-عوام-حق-اور-انصاف-کی-فتح-ہے-مشعل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org