0
Thursday 26 Jan 2012 02:59

وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ سمیت تشدد کی حالیہ لہر نے پوری قوم کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے، اسد اللہ بھٹو

وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ سمیت تشدد کی حالیہ لہر نے پوری قوم کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے، اسد اللہ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ نے کراچی میں وکلاء کے بہیمانہ قتل کے واقعے کی سخت مذمت اور وکلاء کے اعلانیہ بائیکاٹ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت وکلاء سمیت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے عبرت ناک سزا اور وکلاء سمیت شہریوں کو امن فراہم کیا جائے۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ کراچی کے مسئلے پر سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس، فیصلے اور مانیٹرنگ کے نتیجے میں کراچی میں کچھ عرصہ کیلئے امن قائم ہوا تھا مگر اب اچانک وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ سمیت تشدد کی حالیہ لہر نے پوری قوم کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ اپنی مانیٹرنگ کو بہتر بنائے اور کراچی کے شہریوں کو امن و انصاف فرام کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں محب وطن و دینی جماعتوں جماعت اسلامی، جے یو آئی اور دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے جلسوں کا اعلان ہوتے ہی کراچی کو دہشت گردی کی لپیٹ میں دینا ایک خوفناک سازش کا کھلا ثبوت ہے، جس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ اس سے پہلے کراچی سمیت پورے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں سی آئی اے، را اور موساد کے ملوث ہونے کا اقرار حکومتی ذمہ دار کر چکے ہیں۔ حال ہی میں امریکہ نے پاکستان میں ایک خصوصی میڈیا سیل قائم کیا ہے تاکہ امریکہ کی اسلام دشمن اقدامات اور مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو دبایا جا سکے۔

امیر جماعت اسلامی سندھ کا کہنا تھا کہ ایک سروے کے مطابق 80 فیصد عوام امریکہ کی اسلام اور انسانیت دشمن پالیسیوں سے نفرت کرتے ہیں لہذا اس طرح کے واقعات ایک طرف عوام کے اندر امریکہ سے نفرت کے بڑھتے ہوئے رحجان سے توجہ ہٹانے اور دوسری طرف شیعہ و سنی فساد کروا کر اسلام و مسلمانوں کو بدنام کرنے کی کوشش ہے، صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی وکلاء کے احتجاج کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور قوم سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ وکلاء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر کے دہشت گردوں اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنا دیں۔
خبر کا کوڈ : 133175
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش