QR CodeQR Code

فرقہ وارانہ بنیادوں پر وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، شاہی سید

27 Jan 2012 02:15

اسلام ٹائمز:اے این پی سندھ کے صدر نے کہا کہ ملک اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے حالیہ ٹارگٹ کلنگ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گہری سازش ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی ( لویہ جرگہ ) کے چیئرمین شاہی سید کی طرف سے باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں گزشتہ دنوں فرقہ ورانہ بنیادوں پر وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی چاہے کسی بھی شکل میں ہو اس کی مذمت کرتے ہیں، اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے، ہمارا دین ہمیں انسانیت سے پیار کرنے کا درس دیتا ہے اور ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے، ان حالیہ واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہماری مذمت بھائی کو بھائی، اجڑی ماں کی گود آباد، سہاگن کو سہاگ اور بہن کو اس کا بھائی واپس نہیں کرسکتی مگر عوامی نیشنل پارٹی ان کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھتی ہے۔

شاہی سید نے کہا کہ سرد جنگ کے اوائل میں اہل کتاب کا ساتھ دینے کا نعرہ لگانے والوں اور آمریت کے اقتدار کو دوام بخشنے کے مرکزی کرداروں نے ملک میں دہشت گردی، انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کو پروان چڑ ھایا، اس عفریت کی وجہ سے ہمارے ملک کے بازار، مساجد، جنازہ گاہیں، درس گاہیں، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء، علماء مشائخ اور عام شہریوں سمیت کسی بھی شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت کوئی بھی محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، حالیہ ٹارگٹ کلنگ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گہری سازش ہے۔

اے این پی سندھ کے صدر نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی علماء حق اور عوام کے ساتھ مل کر اس سازش کو ناکام بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، انہوں نے علماء حق سے اپیل کی کہ وہ فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، اس کے لیے ہم بھی اپنے اکابرین کے دیئے ہوئے انسانیت کے احترام کے سبق کے تناظر میں اپنا تمام تر صلاحتیں بروئے کار لاتے ہوئے اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 133388

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/133388/فرقہ-وارانہ-بنیادوں-پر-وکلاء-کی-ٹارگٹ-کلنگ-شدید-مذمت-کرتے-ہیں-شاہی-سید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org