QR CodeQR Code

دہشتگردی کیخلاف جنگ ميں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ہونا چاہئے، گیلانی

27 Jan 2012 23:49

اسلام ٹائمز: ڈیوس میں امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو انٹرویو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سلالہ چیک پوسٹ واقعے پر پاکستان کے عوام ناراض ہیں اور پاکستانی عوام میں اس واقعہ پر اشتعال پایا جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مجھے توہین عدالت کیس میں جیل بھی بھیج دیا جائے تو کوئی اعتراض نہیں، صدر زرداری کو مکمل استثنٰی حاصل ہے، صدر کرپشن الزامات پر پہلے ہی 8 سال جیل کاٹ چکے ہیں، اب وہ ملک کے صدر ہیں اور اس عہدے پر انہیں نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا میں استثنٰی حاصل ہے۔ ڈیوس میں امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ درحقیقت پرویز مشرف کے خلاف قتل کے الزامات ہیں اور اس کے خلاف کچھ سنگین نوعیت کے الزامات بھی ہیں جبکہ سپریم کورٹ بھی اس کے خلاف فیصلہ دے چکی ہے۔ اس لئے یقینی طور پر جب پرویز مشرف واپس آئیں گے تو انہیں ان الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس لئے لازمی طور پر انھیں گرفتار کیا جائے گا۔ 

ملکی صورتحال کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تسلیم کیا کہ اس وقت پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت سارے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے مفاد اور اپنی بقاء کیلئے اس جنگ میں حصہ لے رہے ہیں کیونکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے تیس ہزار معصوم لوگ مارے گئے اور پانچ ہزار بہادر فوجی شہید ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس جنگ کی وجہ سے پاکستان کو معاشی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور ہم اس جنگ میں فرنٹ لائن ملک ہیں۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ اس جنگ میں ہمیں شدید چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آ رہی، کیونکہ ہم نے سرمایہ کاروں کو پُرکشش ترغیبات دی ہیں اس وجہ سے ملک میں کثیر بیرونی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ سلالہ چیک پوسٹ واقعے پر پاکستان کے عوام ناراض ہیں اور پاکستانی عوام میں اس واقع پر اشتعال پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کی پاکستان نے بھاری قیمت چکائی ہے اس لئے دوسرے ملکوں کو ہماری قربانیوں اور جدوجہد کی قدر کرنی چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 133529

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/133529/دہشتگردی-کیخلاف-جنگ-ميں-پاکستان-کی-کوششوں-کا-اعتراف-ہونا-چاہئے-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org