QR CodeQR Code

میدان جہاد میں ذمہ داری ادا کرنیوالی جماعتیں دفاع پاکستان کیلئے متحد ہیں، لیاقت بلوچ

28 Jan 2012 02:39

اسلام ٹائمز:ملتان میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری نے کہا کہ تمام جماعتیں صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کریں، منصور اعجاز کا آنا یا نہ آنا اپنی جگہ مگر تمام ثبوت عدالت میں موجود ہیں، مستقبل میں انتخابات کیلئے نئی صف بندی ناگزیر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ میدان جہاد میں ذمہ داری ادا کرنیوالی جماعتیں دفاع پاکستان کیلئے متحد ہیں، نیٹو سپلائی بحال کرنے کی صورت میں تین فروری کو پارلیمنٹ کا گھیرائو کرینگے جبکہ ماڑی سے چمن اور چمن سے طورخم تک احتجاج ہو گا، جس کو روکنا حکومت کے بس کی بات نہیں ہو گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کانفرنس کیلئے تمام دینی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی حمایت حاصل ہے، میدان جہاد میں ذمہ داری ادا کرنے والی جماعتیں دفاع پاکستان کیلئے متحد ہیں جس کا مقصد پاکستان کی خود مختاری اور آزادی کی حفاظت کرنا ہے، اس پلیٹ فارم پر ہم امریکی غلامی سے نجات چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی لائن کی بندش، شمسی ایئر بیس کی واگزاری اور بون کانفرنس میں عدم شرکت سے امریکہ دیوار سے جا لگا مگر اس پر پسپائی اختیار کرنے سے ملک کی خود مختاری دائو پر لگے گی، منصور اعجاز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ منصور اعجاز کا آنا یا نہ آنا اپنی جگہ مگر تمام ثبوت عدالت میں موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ مستقبل میں انتخابات کیلئے نئی صف بندی ناگزیر ہے، ایم ایم اے اور دیگر اتحاد پر بات ہو رہی ہے جبکہ دینی جماعتوں سمیت مسلم لیگ نواز اور تحریک انصاف سے بھی ہمارے رابطے ہیں، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو مکمل بااختیار بنا کر شفاف ووٹر لسٹیں تیار کی جائیں، زرداری صدر ہونے کے ساتھ ساتھ پارٹی سربراہ بھی ہیں اور ان کی سربراہی میں الیکشن کو نہیں مانتے۔

جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے زیراہتمام دولت گیٹ میں مستحق لوگوں میں تحائف کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے آنے سے ہماری معیشت کو سہارا نہیں مل سکتا، وسائل کی ٹھیک انداز میں تقسیم ہو تو حالات درست ہو سکتے ہیں، قرضوں کی لعنت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، بجلی اور گیس کا بحران ہے اور تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، ہر قسم کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے مہنگائی بے روزگاری اور دیگر مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی خدمت کا جذبہ اپنایا ہے، عوام جماعت اسلامی کو انتخابات میں موقع دیں جماعت اسلامی عوام کے مسائل کے حل کیلئے انقلابی اقدامات کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 133579

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/133579/میدان-جہاد-میں-ذمہ-داری-ادا-کرنیوالی-جماعتیں-دفاع-پاکستان-کیلئے-متحد-ہیں-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org