QR CodeQR Code

علامہ ساجد نقوی کا ڈاکٹر جعفر محسن کی شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار

28 Jan 2012 16:33

اسلام ٹائمز: سربراہ شیعہ علماء کونسل کے ترجمان نے شہید ڈاکٹر جعفر محسن کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی۔


اسلام ٹائمز۔ راولپنڈی سے جاری کردہ شیعہ علماء کونسل کے ایک اخباری بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی کے مرکزی ترجمان نے کراچی کے علاقہ گلبرگ میں ڈاکٹر جعفر محسن کی دہشتگردوں کے ہاتھوں شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کراچی ہو یا کوئٹہ، خان پور ہو یا ملک کا کوئی اور حصہ آئے روز دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں معصوم اور بے گناہ انسانوں کا قتل عام ظاہر کرتا ہے کہ یہاں حکومت، ریاست، امن، سکون، تحفظ نام کی کسی شے کا کوئی وجود نہیں بلکہ ملک پر عملاً قاتلوں، دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز کا راج ہے، جو کسی بھی وقت جیتے جاگتے انسانوں کو خون میں نہلا دیتے ہیں۔ تاہم ذمہ داروں کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ مجبور، لاچار اور حالات کے ستائے لوگ آخر کب تک یہ ظلم و بربریت برداشت کریں گے، کیونکہ پاکستانی عوام سراپا احتجاج ہو کر یہ پوچھتے ہیں کہ آخر یہ خونی قاتل اور دہشتگرد کون ہیں؟ ان کے ٹھکانے اور تربیت گاہیں کہاں ہیں؟ ان کے سرپرست کون ہیں؟ قتل و غارتگری کی وارداتوں کے بعد یہ غائب کہاں ہو جاتے ہیں؟ ان خونی قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکانے میں کیا امر مانع ہے؟ ترجمان نے شہید ڈاکٹر جعفر محسن کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی۔


خبر کا کوڈ: 133712

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/133712/علامہ-ساجد-نقوی-کا-ڈاکٹر-جعفر-محسن-کی-شہادت-پر-شدید-غم-غصے-اظہار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org