QR CodeQR Code

نواز شریف نے پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کا اجلاس منگل کو رائے ونڈ میں طلب کر لیا

28 Jan 2012 16:33

اسلام ٹائمز:مسلم لیگ ن کے قائد کی طرف سے بلائے گئے اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کے تناظر میں ن لیگ اپنی مستقبل کی حکمت عملی وضع کرے گی۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں پارٹی کے تمام مرکزی رہنماؤں کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے، نواز شریف جو کہ نجی دورے پر لندن میں ہیں وطن واپسی پر اس اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں میمو کیس، وزیرا عظم توہین عدالت کیس، سینیٹ انتخابات سے متعلق حکمت عملی، 20ویں ترمیم کی حمایت یا مخالفت، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی جائے گی، اجلاس میں پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے سے متعلق بعض رہنماؤں کے مطالبات، شہباز شریف سے متعلق بعض اراکین کی شکایات اور ن لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں جانے والے متوقع امیدواروں کو روکنے کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر غور آئے گا۔
 
ذرائع نے بتایا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اکثر اراکین کو وزیرا علی پنجاب شہباز شریف کے رویے سے شکایات ہیں کہ وہ ان کے ٹیلی فون تک نہیں سنتے اور ملاقات کا وقت تک نہیں دیا جاتا جس کی وجہ سے پارٹی اختلافات کا شکار ہو رہی ہے اور اسی وجہ سے مزید کئی اراکین تحریک انصاف میں جانے کا سوچ رہے ہیں، نواز شریف نے ایسے تمام اراکین کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ہے اور ان کی شکایات کے ازالے کا طریقہ کار بھی منگل کو ہونے والے اجلاس میں طے کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 133714

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/133714/نواز-شریف-نے-پارٹی-کے-سینیئر-رہنماؤں-کا-اجلاس-منگل-کو-رائے-ونڈ-میں-طلب-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org