QR CodeQR Code

امریکہ سے تعلق سے ہم نے ہمیشہ دکھ ہی اٹھائے ہیں ایسے تعلق کو ٹھوکر مار دینی چاہیے، رحمت خان وردگ

28 Jan 2012 17:18

اسلام ٹائمز:مرکزی صدر تحریک استقلال کا کہنا ہے کہ اندرون ملک تو انسانی زندگیوں کو موت فروخت کرنیوالے مصروف ہیں اور باہر امریکہ جیسا شیطان ڈرون حملوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں کے چراغ گل کر رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے تحریک استقلال کے صوبہ پنجاب کے رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پوری قوم کو ہر قسم کے جرم کے خلاف آواز اٹھانی ہو گی، قوم کی اکثریت دولت جائز و ناجائز طریقے سے بنانے میں پڑ گئی ہے، خواہ یہ دولت جعلی ادویات، ہر قسم کے فراڈ سے حاصل کیوں نہ ہو اور یہ ساری ذمہ داری سیاستدانوں پر عائد ہوتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جب سیاستدانوں کی کرپشن اور قرضے معاف کرنے سے متعلق اخبارات میں خبریں آتی ہیں تو عوام یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ ہمارے حکمران جن کو عوام اپنی تقدیر بدلنے کے لئے ووٹ دیتے ہیں اور وہ کرپشن اور قرضے معاف کراتے ہیں تو پھر عوام بھی ایسے کام کرنے پر مجبور ہو جاتی ہے اور قوم  وہی راستہ اختیار کرتی ہے جس سے جائز یا ناجائز دولت کمائی جا سکے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں بھی ادویات سے سینکڑوں لوگوں کی اموات بہت بڑا مسئلہ ہے، تحریک استقلال کا موقف ہے کہ جرم ثابت ہونے پر ان لوگوں کے خلاف قتل کے مقدمات بنائے جائیں جو لوگ بھی اس میں ملوث ہوں، ان کو ہر حالت میں اس کی سزا ملنی چاہئے، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہر چیز میں اور خصوصاً کھانے پینے کی چیزوں اور جعلی ادویات کی بھرمار ہے اور کوئی پکڑنے والا نہیں، تمام ذمہ دار لوگ اس میں ملوث ہیں اور تمام ذمہ داران کو سخت ترین سزا دی جانی چاہئے۔ 

انہوں نے کہا کہ اندرونی محاذ ہو یا بیرونی محاذ پاکستان دشمنوں کی سازشوں کی لپیٹ میں ہے اور اس صورت حال میں قوم کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، قوم کو چاہیے کہ متحد ہو کر اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنا دے۔ رحمت خان وردگ نے کہا کہ اندرون ملک تو انسانی زندگیوں کو موت فروخت کرنے والے مصروف ہیں اور باہر امریکہ جیسا شیطان ڈرون حملوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں کے چراغ گل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے تعلق سے ہم نے ہمیشہ دکھ ہی اٹھائے ہیں ایسے تعلق کو ٹھوکر مار دینی چاہیے اور امریکی اتحاد سے الگ ہو جانا چاہیے۔ 


خبر کا کوڈ: 133716

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/133716/امریکہ-سے-تعلق-ہم-نے-ہمیشہ-دکھ-ہی-اٹھائے-ہیں-ایسے-کو-ٹھوکر-مار-دینی-چاہیے-رحمت-خان-وردگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org