QR CodeQR Code

تحریک انصاف سے اتحاد پر ابھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، سید منور حسن

30 Jan 2012 23:40

اسلام ٹائمز:ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، اسے جلد نئے الیکشن کا اعلان کردینا چاہیے، سندھ کو مفاہمت کے نام پر دہشت گردوں کے حوالے کر دیا گیا، پنجاب میں بیڈگورننس ہے، نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو پارلیمنٹ کا گھیرائو کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے اتحاد پر ابھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی کی حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے تمام اپوزیشن جماعتیں عام انتخابات کے جلد اعلان پر متفق ہیں لیکن اس کے لئے آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن ضروری ہے، ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت سو فیصد ناکام ہو چکی ہے، پنجاب میں گزشتہ چار سال سے ون مین شو چل رہا ہے، رضا ربانی کی کمیٹی نے نیٹو سپلائی بحال کرنے کی جو شرائط کر رکھی ہیں وہ دفاع پاکستان کونسل قبول نہیں کرتی، انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں سمجھتی ہیں کہ اب نئے انتخابات کا اعلان ہو جانا چاہیے کیونکہ پیپلز پارٹی کی کارکردگی سے عوام مایوسی ہو چکے ہیں اور ممکن نہیں کہ پیپلز پارٹی کی حکومت حالات کو بہتر بنا سکے اور آئندہ آنے والے ایک سال کے دوران عوام کی خدمت کا کوئی نیا ریکارڈ قائم کر سکے۔

ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف سے انتخابی اتحاد کے سلسلے میں ابھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، تاہم سولو فلائیٹ اب کسی کے لئے ممکن نہیں رہی، سید منور حسن نے مزید کہا کہ الیکشن کا اعلان ہونے کے بعد ہی تمام پارٹیاں انتخابی اتحاد کی طرف جائیں گی، الیکشن سے قبل نیا اور خودمختار الیکشن کمیشن، قابل قبول عبوری حکومت اور شفاف انتخابی فہرستیں مرتب ہونی چاہیں، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان آتش فشاں پر کھڑا ہے کسی وقت بھی کچھ ہوسکتا ہے، یہ کیسی جمہوریت ہے جس نے آج تک نہ تو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کیا نہ پارلیمنٹ کی قرار دادوں پر، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بیڈ گورنرنس کی بہترین مثال موجود ہے جبکہ سندھ میں مفاہمت کے نام پر حکومت دہشت گردوں کے حوالے کی گئی ہے، ٹارگٹ کلنگ میں حکمران خود ملوث ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے پرویز مشرف کی پالیسیوں کو دوام بخشا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو پارلیمنٹ کا گھیرائو کریں گے، موجودہ حکومت عملی طور پر عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور اسے جلد نئے الیکشن کا اعلان کردینا چاہئے۔


خبر کا کوڈ: 134287

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/134287/تحریک-انصاف-سے-اتحاد-پر-ابھی-کوئی-پیشرفت-نہیں-ہوئی-سید-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org