QR CodeQR Code

امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم شہادت پر علامہ ساجد نقوی کا پیغام

31 Jan 2012 19:47

اسلام ٹائمز: اپنے پیغام میں سربراہ شیعہ علماء کونسل نے کہا کہ امام حسن عسکریؑ نے اپنی روحانیت اور تبلیغ کے ذریعے انفرادی اور ذاتی زندگی میں انسانوں کی رہنمائی فرمائی وہاں اجتماعی طرز زندگی اور حکمرانی جیسے معاملات میں بھی لوگوں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام نے قرآن کریم کے ساتھ ساتھ سنت و سیرت رسول اکرمؐ اور امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام سمیت اپنے اجداد سے ودیعت ہونے والے علم، مرتبے، منزلت، روحانیت اور عمل کے ذریعے اپنے وقت کے عام انسان، عام مسلمان اور حکمران کو رشد و ہدایت فراہم کی، جس کے اثرات ان کے دور میں ان کے معاشرے اور ماحول میں واضح انداز میں مرتب ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعداد راہ حق اور سچائی کی طرف متوجہ ہوئی۔ 

امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ امام حسن عسکریؑ نے اپنی روحانیت اور تبلیغ کے ذریعے انفرادی اور ذاتی زندگی میں انسانوں کی رہنمائی فرمائی وہاں اجتماعی طرز زندگی اور حکمرانی جیسے معاملات میں بھی لوگوں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا، اسی لئے آپ کی سیرت آج بھی دنیا کے ہر انسان اور ہر معاشرے کے لئے مشعل راہ ہے اور نمونہ عمل ہے۔
 
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ دور حاضر میں دنیائے انسانیت کو بالعموم اور عالم اسلام کو بالخصوص جن بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا ہے اور انسانی معاشرے جس گراوٹ کا شکار ہو چکے ہیں، اس میں انسانوں کو ہدایت اور روحانیت کی ضرورت ہے، جو انہیں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی سیرت کا مطالعہ کر کے اور اس پر عمل کر کے حاصل ہو سکتی ہے۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم ان کی سیرت اقدس پر عمل کر کے انسانیت کو مسائل سے نجات دلائیں اور حقیقی اسلامی و جمہوری سسٹم رائج کر کے عدل و انصاف سے مزین معاشرے تشکیل دیں اور اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 134505

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/134505/امام-حسن-عسکری-علیہ-السلام-کے-یوم-شہادت-پر-علامہ-ساجد-نقوی-کا-پیغام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org