0
Tuesday 31 Jan 2012 23:05

عوام کی اُمیدوں پر پورا اترتے ہوئے ایک نیا پاکستان تشکیل کریں گے، عمران خان

عوام کی اُمیدوں پر پورا اترتے ہوئے ایک نیا پاکستان تشکیل کریں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے تاہم میں اس سے خوفزدہ ہونے کی بجائے شیر کی طرح مرنا چاہتا ہوں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اپنی جان کو لاحق خطرے کے باوجود پاکستان میں کرپشن کے خاتمے کے لئے عوام کے سونامی کی سربراہی کرتا رہوں گا کیونکہ مجھے اللہ تعالٰی کی ذات اور پاکستانی عوام پر پورا بھروسہ ہے۔

دبئی میں ایک تقریب کے دوران غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آ کر پاکستان سے 90 دن کے اندر کرپشن کا خاتمہ کر دے گی اور بغیر کسی غیر ملکی امداد کے ہم پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کر کے ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔ عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آ کر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں بہترین اصلاحات کرے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ملک میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ ہم عوام کی اُمیدوں پر پورا اترتے ہوئے ایک نیا پاکستان تشکیل کریں گے۔ 

تحریک انصاف کو ملک کی خفیہ ایجنسی کی حمایت اور فنڈنگ بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ محض الزامات ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں سیاست کو ہمیشہ کےلئے خیر باد کہہ دوں گا اگر کوئی ثبوت پیش کر دے کہ تحریک انصاف کو ملک کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے حمایت حاصل ہے اور فنڈنگ کی جاتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ عام انتخابات اس سال ہونا متوقع ہیں۔ تحریک انصاف 6 اپریل کو کوئٹہ میں بھی عظیم الشان جلسہ منعقد کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کا ارادہ نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت اسلامی سے بات چیت جاری ہے۔ سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کسی صورت پرویز مشرف سے اتحاد نہیں کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 134557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش