QR CodeQR Code

اسلامی کانفرنس تنظیم کے چیئرمین کی رہبر انقلاب اسلامی ایران سید علی خامنہ ای سے ملاقات

19 Oct 2009 14:23

اسلامی کانفرنس تنظیم او آئی سی کے موجودہ چیئرمین اور سینیگال کے صدر عبداللہ واد نے کل تہران میں رہبر انقلاب اسلامی ایران حضرت آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای۰۰۰۰۰۰۰۰۰


اسلامی کانفرنس تنظیم او آئی سی کے موجودہ چیئرمین اور سینیگال کے صدر عبداللہ واد نے کل تہران میں رہبر انقلاب اسلامی ایران حضرت آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی ایران نے سینیگال کے او آئی سی کا صدر ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی کانفرنس تنظیم کی تشکیل کا اصل ہدف مسئلہ فلسطین کو حل کرنا تھا اور اس سلسلے میں او آئی سی سنگین ذمہ داریوں نیز توانائیوں کی حامل ہے۔ آپ نے فرمایا آج حقیقت میں ملت فلسطین مظلوم اور تنھا ہے اور اس کی حمایت کے لئے عالم اسلام میں طاقتور، صحیح اور منصوبہ بندی پر استوار تحریک کی ضرورت ہے۔ آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ سامراجی ممالک صیہونی حکومت کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ مسلمان قوموں کا مطالبہ ہے کہ فلسطین کی مدد کی جائے اور کتنا اچھا ہو گا کہ اسلامی کانفرنس تنظيم مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کر کے ان کے دلوں میں امید پیدا کرے۔ واضح رہے کہ 57 اسلامی ممالک اسلامی کانفرنس تنظیم کے رکن ہیں جن کے پاس توانائی کے عظیم ذخائر موجود ہیں اور ان ممالک کی آبادی ڈیڑھ ارب نفوس سے بھی زیادہ ہے۔ ان امور کی بناء پر یہ تنظیم عالمی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور تنظیم کا قیام ہی صیہونی مظالم کے ردعمل میں انجام پایا تھا اور اس کا مقصد صیہونی مظالم کے مقابلے میں عالم اسلام کو متحد کرنا تھا لیکن یہ تنظیم صیہونی مجرموں کے مقابلے میں ملت فلسطین کا دفاع کرنے اور ملت واحدہ کے طور پر ان کے مقابلہ کرنے میں زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے اور موجودہ صورتحال میں اب اس بات کا راستہ ہموار ہو چکا ہے کہ اسلامی ممالک کی تنظیمیں خصوصا اسلامی کانفرنس تنظیم اپنے تمام تر وسائل کو بروۓ کار لاتے ہوۓ مشترکہ موقف اختیار کرے اور صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے مقابلے میں ڈٹ جاۓ۔
انقلاب اسلامی ایران کے قائد نے کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتیں اور بعض اسلامی ممالک اسرائیل کے ساتھ ہیں تاہم دنیا میں تمام مسلمانوں کے دل مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔ اسلامی کانفرنس ہی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس سے پوری مسلم امہ کی امیدیں وابستہ ہیں، عالمی اسلامی پلیٹ فارم کو موثر بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔ اس موقع پر سینیگالی صدر نے ایرانی رہنما کو یقین دلایا کہ ان کا ملک مسئلہ فلسطین کے حل لیے ٹھوس کوششیں کرے گا۔ اس حوالے سے مختلف اسلامی ممالک سے روابط بڑھائے جائیں گے تاکہ اس پلیٹ فارم کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ سینیگالی صدر نے اپنے ایرانی ہم منصب احمدی نژاد سمیت ایران کے دیگر راہنماؤں اور حکومتی عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔


خبر کا کوڈ: 13457

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/13457/اسلامی-کانفرنس-تنظیم-کے-چیئرمین-کی-رہبر-انقلاب-ایران-سید-علی-خامنہ-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org