0
Wednesday 1 Feb 2012 00:43

ایران کی بے مثال ترقی پوری امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے، میاں افتخار حسین

ایران کی بے مثال ترقی پوری امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے، میاں افتخار حسین
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران دونوں برادر اسلامی ممالک ہیں، جن کے درمیان مثالی تعلقات قائم رہے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے، نو سال تک عراق کے ساتھ جنگ اور عالمی پابندیوں کے باجود ایران کی بے مثال ترقی دنیا خصوصاً پوری امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایرانی قونصلیٹ پشاور میں ایرانی قونصلیٹ کی جانب سے پشاور کے صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایرانی قونصلر جنرل درویش وند، پشاور پریس کلب کے صدر سیف الااسلام سیفی اور خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ارشد عزیز ملک نے بھی اظہار خیال کیا، صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی بھی ملک میں ایسے نظام کی کامیابی یقینی ہوتی ہے جو عوام کی خواہشات کا آئینہ دار، صنفی امتیاز سے بالاتر اور سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرتا ہو اور یہی تمام خصوصیات ایران کے اسلامی انقلاب میں بدرجہ اتم موجود ہیں اور انقلاب اسلامی ایران کے نتائج پوری امت مسلمہ کے لئے قابل تقلید ہیں۔

میاں افتخار حسین نے اپنے حالیہ دورہ ایران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ کرنے کے بعد انہوں نے ایران کو اپنی سوچ سے کہیں زیادہ خوبصورت اور ترقی یافتہ پایا اور اس میں ایک ترقی یافتہ قوم کی تمام خصوصیات موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری بھی یہی خواہش ہے کہ ہمارا ملک بھی ایران کی طرح ترقی کرے، صوبائی وزیر نے کہا کہ حالیہ دورہ ایران کے موقع پر حکومت خیبر پختونخوا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مابین مختلف شعبوں میں کئے گئے معاہدوں کو عملی شکل دینے کے لئے ان کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے اور اس سلسلے میں بات آگے بڑھانے کے لئے ایرانی وفد جو جلد یہاں کا دورہ کرنے والا ہے، سے ملاقات کے دوران آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو دوبارہ ایران کا دورہ بھی کریں گے، انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ دوستی ان کی حکومت کی دلی خواہش ہے اور اس کو دوام دینے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کریں گے۔

ایرانی قونصلر جنرل دوریش وند نے اس موقع پر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اربوں ڈالرز کے معاہدے ہوئے ہیں جبکہ اقتصادی شعبے میں مزید اربوں ڈالرز کے معاہدوں کی گنجائش موجود ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خصوصاً ایران اور خیبر پختونخوا کی ثقافت، روایات اور زبانوں میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے اس لئے اس شعبہ میں تعاون کے کافی مواقع ہیں، انہوں نے صحافیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف وفود کا تبادلہ کرنے کے ساتھ ساتھ صحافت کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 134570
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش