0
Wednesday 1 Feb 2012 18:52

آئی ایس او پاکستان پانچ فروری کو یوم یک جہتی کشمیر منائے گی

آئی ایس او پاکستان پانچ فروری کو یوم یک جہتی کشمیر منائے گی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام پانچ فروری کو ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ’’یوم یک جہتی کشمیر ‘‘ منایا جائے گا۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے ایک پریس بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے تمام شہروں میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ بیان کے مطابق حکومت پاکستان کشمیر کا مسئلہ حل کرنے میں سنجیدہ نہیں اگر حکمران سنجیدہ ہوتے تو مسئلہ کشمیر کب کا حل ہو چکا ہوتا۔ کشمیری عوام گزشتہ 64 برسوں سے جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، بھارتی افواج آئے روز مظالم کے نت نئے طریقے ایجاد کر کے کشمیری مسلمانوں پر آزما رہی ہیں لیکن افسوس کہ مسلم امہ اپنے بھائیوں کی چیخوں پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ 

یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر آئی ایس او پاکستان کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ آئی ایس او پاکستان کے کارکن ملک بھر میں کشمیری بھائیوں کی آزادی اور ان کی تحریک حریت کی کامیابی کیلئے رائے عامہ ہموار کرے گی اور ہر سطح پر حکومتی ایوانوں میں یہ مطالبہ پہنچایا جائے گا کہ حکومت پاکستان کشمیر کے آزادی کے لئے مخلصانہ کوششیں کریں۔ آئی ایس او پاکستان کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کشمیر کمیٹی تو بنا دی گئی اور اس کیلئے لاکھوں کروڑوں روپے کے فنڈز بھی رکھ دیے گئے مگر یہ تمام رقم ذاتی شاہ خرچیوں پر صرف ہو رہی ہے جو کہ افسوسناک ہے۔ قومی خزانہ کے ساتھ یہ کھلواڑ بند کیا جائے اور کسی سنجیدہ اور ذمہ دار شخص کو کشمیر کمیٹی کا سربراہ بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 134768
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش