0
Thursday 2 Feb 2012 23:33

ملتان، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی ریلی

ملتان، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ پٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے اور سوئی گیس پر ٹیکس لگائے جانے کے خلاف متحدہ شہری محاذ کے زیر اہتمام ملتان میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت متحدہ شہری محاذ کے صدر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء طارق نعیم اللہ نے کی، ریلی کے شرکاء نے وزیر اعظم مردہ باد، وزیر پٹرولیم مردہ باد، صدر زرداری مردہ باد کے نعرے لگائے، اس موقع پر یوسف رضا گیلانی اور وزیر پٹرولیم کا پُتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔ 

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے طارق نعیم اللہ کا کہنا تھا کہ کرپٹ حکمرانوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی مزید اجیرن بنادی ہے، موجودہ حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے عوام کے منہ سے نوالہ چھین رہی ہے، طارق نعیم اللہ نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بیٹھنے والے حکمران اور اپوزیشن جماعتیں آپس میں معاملات طے کر لیتی ہیں اور عوام کو مشکلات سے دو چار کیا جاتا ہے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام لانگ مارچ کے لیے تیار رہیں، پاکستان کو مشکلات سے اُس وقت تک نجات نہیں مل سکتی جب تک ان کرپٹ اور لُٹیرے حکمرانوں کو اقتدار سے الگ نہ کر دیا جائے، پاکستان کے غیور عوام عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں، پوری دنیا میں LPG ، CNG، گیس اور پٹرول کی قیمتیں انتہائی کم ہیں لیکن پاکستان میں حکمران جب چاہتے ہیں پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیتے ہیں۔
 
اُنہوں نے کہا کہ آج غریب دو وقت کی روٹی کے لیے محتاج ہے جبکہ مہنگائی میں ہو شربا اضافہ ان سے جینے کا حق چھین رہا ہے، لیکن ہمارے حکمران ان غریبوں کے ووٹوں سے منتخب ہو کرغریبوں کو روٹی، کپڑا اور مکان دینے کی بجائے ان کو قبرستان پہنچا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 135017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش