QR CodeQR Code

تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام میلاد کانفرنس کی تیاریاں مکمل

3 Feb 2012 23:47

اسلام ٹائمز: عالمی میلاد کانفرنس کے سربراہ نے مینار پاکستان کے سائے تلے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ میلاد میں خواتین ہزاروں کی تعداد میں شریک ہوں گی۔


 اسلام ٹائمز۔ عالم اسلام کی بڑی 28 ویں سالانہ میلاد کانفرنس ہفتہ کی رات ہو گی۔ مینار پاکستان کے سبزہ زار میں لاکھوں عشاق اپنے آقا و مولا ص سے عہد وفا کریں گے۔ بیرون ملک اور ملک بھر سے ہزارہا بسوں کے قافلے مینار پاکستان پہنچیں گے۔ minhaj.tv اور نجی ٹی وی چینل کے ذریعے تحریک منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس پوری دنیا میں براہ راست دیکھی جائے گی۔ اس طرح بالواسطہ طور پر کانفرنس میں کروڑوں افراد شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کریں گے۔
 
جامعة الازہر کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسامہ محمد العبد مصر سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ میلاد کانفرنس میں صاحبزاہ سید بلال چشتی اجمیر شریف، پیر حمید جان سیفی، پروفیسر سلیم اللہ اویسی کاظمی، مخدوم چن پیر قادری، مخدوم نفیس الحسن بخاری، پیر طاہر زنجانی، پیر شہزاد مجددی، فرانس سے حاجی محمد گلزار اور دیگر مذاہب کے رہنماء بھی شرکت کریں گے۔
 
ملک کے نامور نعت خوان مرغوب احمد ہمدانی، اختر قریشی، محبوب ہمدانی، فرحان قادری، شہزاد مجددی، فرقان قادری، عابد رﺅف، ایم علی سہروردی، صغیر احمد نقشبندی، فیصل نقشبندی اور احمد جماعتی آقائے دوجہاں ص کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ لاہور شہر میں عالمی میلاد کانفرنس کے بڑے بڑے ہورڈنگز، بینرز آویزاں ہیں اور پورے شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ مینار پاکستان کے پنڈال میں خواتین ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرے گی اور ان کےلئے الگ با پردہ انتظام کیا گیا ہے۔
 
ان خیالات کا اظہار سنیئر نائب ناظم اعلیٰ اور عالمی میلاد کانفرنس کے سربراہ شیخ زاہد فیاض نے مینار پاکستان کے سائے تلے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محمد جواد حامد، محمد عاقل ملک، شمیم احمد نمبردار، ساجد حمید، محمد اسحاق، حاجی محمد الیاس اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ 

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پورا سال پڑھا جانیوالا درود پاک حضور نبی اکرم ص کی بارگاہ میں پیش کیا جائے گا۔ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہو گی جبکہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹو ڈنٹس موومنٹ کے 2000 نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطاب اور دعا کے بعد ولادت مصطفی ص کی خوشی میں مینار پاکستان کے سبزہ زار میں 4 دیو ہیکل LED سکرینز لگائی گئی ہیں جن کے ذریعے پنڈال میں دور دور تک بیٹھے افراد سٹیج کی کارروائی کو واضح طور پر دیکھ سکیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن میلاد مصطفےٰ ص کو عالمی جشن کے طور پر منا رہی ہے۔ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔
شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن قوم سے اپیل کرتی ہے کہ ہر گھر کو اپنی بساط کے مطابق موم بتیوں، تیل کے دیوں اور برقی قمقوں سے سجایا جائے۔ گھروں میں بچوں کے ہمراہ میلاد مصطفےٰ کی ولادت کی خوشی میں کیک کاٹے جائیں، ربیع الاول کے کارڈ اور تحائف کا تبادلہ کیا جائے۔ صاف ستھرے لباس پہن کر خوشبو لگائی جائے اور ان دنوں کو نبی کریم ص کے عشق میں ڈوب کر گزارا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے مقاصد میں سب سے مقدم حضور ص کی ذات کے ادب کا شعور بیدار کرنا ہے کیونکہ ذات سے محبت کے بعد ان کی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے کی تحریک ملتی ہے۔ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے سکونی، بے چینی و اضطراب سے نجات کا ذریعہ بھی میلاد النبی کی محافل کا انعقاد ہے۔ عالمی میلاد کانفرنس کے تسلسل نے پورے ملک میں حضور ص کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ص سے محبت، تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رویوں کے خاتمے کے لئے ناگزیر ہے اور تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں ان رویوں کے خاتمے کےلئے برسر پیکار ہے۔


خبر کا کوڈ: 135217

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/135217/تحریک-منہاج-القرآن-کے-زیر-اہتمام-میلاد-کانفرنس-کی-تیاریاں-مکمل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org