QR CodeQR Code

گلگت بلتستان میں ویمن ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا

4 Feb 2012 02:24

اسلام ٹائمز:واضح رہے کہ گذشتہ 7 سالوں سے اس ادارے میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والی خواتین کو تاحال مستقل نہیں کیا گیا ہے اور ان ملازمین کو گذشتہ 7 ماہ سے تنخواہ بھی نہیں ملی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ویمن ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے مسائل کا شکار ہو گیا ہے، ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق حکومت نے سال 2005ء میں گلگت بلتستان میں خواتین کی ترقی کیلئے اس ادارے کو قائم کیا، حکام کی سستی کی وجہ سے یہ ادرہ مختلف مسائل میں گھر چکا ہے اور گذشتہ دو سالوں سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث ویمن ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ساکھ خطرے میں پڑ گئی ہے۔

اس ہی طرح گذشتہ 7 سالوں سے اس ادارے میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والی خواتین کو تاحال مستقل نہیں کیا گیا ہے اور ان ملازمین کو گذشتہ 7 ماہ سے تنخواہ بھی نہیں ملی ہے۔ ان اقدامات کی وجہ سے حکومت کی خواتین کو آ گے لانے کے حوالے سے کئے جانے والے بلند و بانگ دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے جبکہ متعلقہ محکمے کے صوبائی وزیر اور سیکریٹری نے آج تک ویمن ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دفتر کا دورہ کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی ہے اور وہ اس ادارے کے مسائل و مشکلات سے بھی بے خبر ہیں۔

گلگت کے سیاسی حلقوں مسلم لیگ ق کے جنرل سیکریٹری اسلم خان اور مسلم لیگ ن کے رہنما ریاض علی نے اس ادارے کے مسائل حل نہ کئے جانے پر حکومت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عارضی اسٹاف کو مستقل کرکے فنڈز کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے میں خواتین کی ترقی کیلئے کام کرنے والا یہ ادارہ ایک بار پھر فعال ہوکر کام کرنے کے قابل ہوسکے۔


خبر کا کوڈ: 135247

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/135247/گلگت-بلتستان-میں-ویمن-ڈویلپمنٹ-ڈائریکٹوریٹ-تباہی-کے-دہانے-پر-پہنچ-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org