QR CodeQR Code

دہشت گردی‘ بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، علامہ ساجد نقوی

4 Feb 2012 21:48

اسلام ٹائمز:شیعہ علماء کونسل کے سربراہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ ہزاروں اجڑے خاندانوں میں قبرستان جیسی خاموشی اور سوگ کا عالم ہے مگر یہ خونی کھیل بدستور جاری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کے مرکزی ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خفیہ اداروں کی جانب سے موصولہ رپورٹ پر حکومت کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ملک کی داخلی سلامتی کے لئے سب سے خطرناک عوامل کو منظر عام پر لائے اور اس شر اور فتنے کا سر کچلنے کے لئے اس رپورٹ کی تمام تر تفاصیل کو ٹھوس شواہد کے ہمراہ عوام کے سامنے لاکر ایسے عناصر اور تنظیموں کو بے نقاب کرے جو اس میں ملوث ہیں تاکہ کسی قسم کا ابہام اور کنفیوژن باقی نہ رہے۔
 
ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی، قتل و غارت گری، بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ نے ملک کو تباہی و بربادی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ دہشت گردی سے متاثرہ ہزاروں اجڑے خاندانوں میں قبرستان جیسی خاموشی اور سوگ کا عالم ہے مگر یہ خونی کھیل بدستور جاری ہے۔ لہذا پوری پاکستانی قوم کا مطالبہ ہے کہ حقیقی صورت حال واضح کی جائے اور ٹھوس اور مستند ثبوتوں کے ساتھ ان جماعتوں کے نام، ان کے اندرون و بیرون ملک اکاؤنٹس کی تفصیلات، ان کو ملنے والی امداد کے ذرائع ہر شے بے نقاب کر کے انہیں دہشت گردی ایکٹ کے تحت ملکی قوانین کے مطابق سنگین سزاؤں سے دوچار کیا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔


خبر کا کوڈ: 135419

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/135419/دہشت-گردی-بدامنی-اور-ٹارگٹ-کلنگ-نے-ملک-کو-تباہی-کے-دہانے-پر-لاکھڑا-کیا-ہے-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org