QR CodeQR Code

پنجاب اسمبلی اجلاس، وزیر اعلٰی کی غیر حاضری پر اپوزیشن کا جعلی ادویات پر بحث کرنے سے انکار

7 Feb 2012 00:01

اسلام ٹائمز: ڈپٹی سپیکر رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں رانا ثنا اللہ خان کا موقف تھا کہ قائد ایوان لوٹوں اور ہانڈیوں کا جواب دینے کے لئے نہیں آ سکتے۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعلٰی کی غیر حاضری کے باعث جعلی ادویات پر بحث نہ ہو سکی۔ اپوزیشن کے بائیکاٹ پر کورم ٹوٹ گیا تو اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اراکین نے جعلی ادویات کی بجائے وزیر اعلٰی میاں شہباز شریف کے ایوان میں موجود ہونے یا نہ ہونے کی اہمیت پر ایک گھنٹہ چالیس منٹ تک لا حاصل بحث میں ضائع کر دیے۔ 

قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کا اصرار تھا کہ وزیر اعلٰی پنجاب جن کے پاس وزیر صحت کا قلمدان بھی ہے۔ وہ ایوان میں اور نہ ہی سیکرٹری صحت گیلری میں موجود ہیں تو وہ بحث کس کو سنائیں۔ اس پر رانا ثنا اللہ خان کا موقف تھا کہ قائد ایوان سمیت کسی بھی رکن اسمبلی کو ایوان میں آنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے گذشتہ جمعہ کے روز ایوان میں لوٹوں اور ہانڈیوں کے علاوہ کسی بات پر بحث نہیں کی تو اس کا جواب دینے کے لئے تو وزیر اعلٰی نہیں آ سکتے۔
 
اس پر قائد حزب اختلاف نے ایوان کی گذشتہ کارروائی پڑھ کر سنائی کہ وزیر قانون نے یقین دہانی کروائی تھی کہ میاں شہباز شریف خود جعلی ادویات پر بحث کو سمیٹنے کے لئے آئیں گے۔ راجہ ریاض نے کہا کہ دراصل وزیر اعلٰی پنجاب وزرا کی عزت کرتے ہیں اور نہ ہی ان کی نظر میں ایوان کی عزت ہے۔ وزیر قانون وزیر اعلٰی کو ایوان میں لانے میں ناکامی پر مستعفی ہو جائیں۔
 
جب بحث کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی تو اپوزیشن نے احتجاجاً واک آوٹ کر دیا کہ متعلقہ وزیر کی ایوان میں عدم موجودگی میں بحث نہیں ہو سکتی۔ جونہی اپوزیشن ایوان سے باہر آئی تو کورم کی نشاندہی کر دی گئی۔ جو باوجود ایوان کی گھنٹیاں بجانے کے پورا نہ ہوسکا تو ڈپٹی سپیکر نے گورنر پنجاب کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا اور اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 135899

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/135899/پنجاب-اسمبلی-اجلاس-وزیر-اعل-ی-کی-غیر-حاضری-پر-اپوزیشن-کا-جعلی-ادویات-بحث-کرنے-سے-انکار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org