QR CodeQR Code

سبی، احتجاجی مظاہرین کی ہلاکت تشویش ناک

7 Feb 2012 20:13

اسلام ٹائمز:ایچ آر سی پی نے حکومت کی جانب سے اس واقعے کی عدالتی تحقیقات کروانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ تفتیش میں سامنے آنے والے حقائق کو ماضی کے برعکس منظر عام پر لایا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں حقوق انسانی کی صف اول کی غیر سرکاری تنظیم نے بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی کے قریبی رشتہ داروں کے حالیہ قتل کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے دو افراد کی ہلاکت کو انتہائی تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج ہر کسی کا بنیادی حق ہے۔ 

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان ( ایچ آر سی پی) کی طرف سے پیر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب صوبہ بلوچستان کے شہر سبی میں ہفتہ کو تقریباً 300 افراد نے مرکزی شاہراہ کو احتجاجاً بند کر دیا اور نیم فوجی سکیورٹی فورسز "فرنٹیئر کور" کے ایک کاروان کو آگے بڑھنے سے روکا۔ 

پُر امن احتجاج کے حق کی حمایت کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ حکام کو مہلک طاقت کا استعمال صرف اُس وقت کرنا چاہیئے جب تمام دیگر کوششیں ناکام ہو چکی ہوں۔ ایچ آر سی پی نے حکومت کی جانب سے اس واقعے کی عدالتی تحقیقات کروانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ تفتیش میں سامنے آنے والے حقائق کو ماضی کے برعکس منظر عام پر لایا جائے گا۔ 

کراچی میں رہائش پذیر نواب اکبر بگٹی کے دو رشتہ داروں کو نامعلوم افراد نے گذشتہ ہفتے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے اس واقع کا ازخود نوٹس لے رکھا ہے اور پیر کو اُنھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملزمان کو 10 فروری تک گرفتار کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 136015

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/136015/سبی-احتجاجی-مظاہرین-کی-ہلاکت-تشویش-ناک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org