QR CodeQR Code

صدر زرداری سے ایرانی نائب صدر کی ملاقات، گیس پائپ لائن منصوبے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

7 Feb 2012 19:05

آسلام ٹائمز:ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری سے ایرانی نائب صدر علی سعید لو نے منگل کو ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے، دوطرفہ تعلقات، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر بھی موجود تھے۔ ایرانی نائب صدر سے بات چیت کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا، منصوبہ کسی صورت منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ایرانی صدر احمدی نژاد کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ ایرانی نائب صدر نے کہا کہ ایران پاکستان میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی نائب صدر علی سعیدلو سے ایوان صدر میں ملاقات میں پاکستانی صدر نے کہا دونوں ممالک کے حالیہ معاہدوں کا مقصد پاک ایران ترجیحی تجارتی معاہدے میں توسیع ہے۔ انھوں نے کہا دوطرفہ تعلقات سے تجارت میں پانچ ارب ڈالر تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان ایرانی تاجروں کو ملٹی پل انٹری ویزے جاری کرنے پر رضامند ہے۔


خبر کا کوڈ: 136112

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/136112/صدر-زرداری-سے-ایرانی-نائب-کی-ملاقات-گیس-پائپ-لائن-منصوبے-سمیت-دیگر-امور-پر-تبادلہ-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org