0
Wednesday 8 Feb 2012 17:27

کمشنر کراچی کی نااہلی کی وجہ سے شہری منافع خوروں کے رحم و کرم پر ہیں، جماعت اسلامی

کمشنر کراچی کی نااہلی کی وجہ سے شہری منافع خوروں کے رحم و کرم پر ہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی مظفر ہاشمی، لئیق خان، نصراللہ خان شجیع، حمید اللہ خان ایڈووکیٹ اور محمد یونس بارائی نے حکومتی نرخ سے فی کلو 10 روپے زائد وصولی پر دودھ کی فروخت اور منافع خور سبزی فروشوں کی جانب سے فی کلو 8 سے 10 روپے اضافے کی مذمت کرتے ہوئے اسے شہری حکومت کی نااہلی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ منافع خور سبزی فروش اور دوھ مافیا نے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑا کر رکھ دیا ہے اور من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، عوام مکمل طور پر منافع خوروں کے رحم و کرم پر ہیں مگر شہری حکومت کے افسران اور شعبہ پرائس کنٹرول نرخوں کو کنٹرول کرنے اور غریبوں کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات سے گریزاں ہے۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے دودھ کے نرخ 60 روپے کلو مقرر کئے ہیں مگر کمشنر کراچی اپنے احکامات پر عمل درآمد کرانے میں ناکام نظر آرہے ہیں، سردیوں میں پہلے ہی دودھ کی مانگ کم ہوجاتی ہے اس کے باوجود قیمتوں میں 10 روپے فی کلو زائد اضافہ غریب عوام بالخصوص بچوں کی حق تلفی ہے، حکومت قیمتیں کنٹرول کرنا تو درکنار کوالٹی بھی کنٹرول نہیں کر پارہی اور عوام مہنگے داموں غیر معیاری چیزیں خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو عوام دودھ مافیا کے مظالم کا شکار ہیں تو دوسری طرف منافع خور سبزی فروشوں نے سبزیوں کی قیمتوں میں مبینہ طور پر اضافہ کرکے آلو، پیاز اور ٹماٹر کو شہریوں کی پہنچ سے دور کردیا ہے۔

سابق اراکین اسمبلی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ شہری حکومت بالخصوص کمشنر کراچی روشن شیخ کی نااہلی و غفلت کا نوٹس لیا جائے اور کوالٹی و قیمتوں کا کنٹرول یقینی بنایا جائے تاکہ عام آدمی آسانی سے دودھ اور سبزیاں خرید سکے۔
خبر کا کوڈ : 136357
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش