0
Thursday 9 Feb 2012 19:58

عراق کے امریکی سفارتخانہ میں 16 ہزار ورکر، یہ ریاست کے اندر ریاست ہے، امریکی میڈیا

عراق کے امریکی سفارتخانہ میں 16 ہزار ورکر، یہ ریاست کے اندر ریاست ہے، امریکی میڈیا
اسلام ٹائمز۔ امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ عراقی سفارتخارنے میں 16 ہزار افراد کام کر رہے ہیں جو کہ ریاست کے اندر ریاست کے مترادف ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکہ اِس پر غور کر رہا ہے کہ بغداد میں اس کا سفارت خانہ کتنا بڑا ہونا چاہیے اس وقت، عراق میں اس سفارت خانے میں 16 ہزار افراد کام کرنے کر رہے ہیں جسے اخبار نے ایک ملک کے اندر ایک اور ملک سے تشبیہ دی ہے۔ سفارت خانے کا بجٹ 6 ارب ڈالر ہے، اس کی اپنی فضائی کمپنی ہے، تین ہسپتال ہیں وہ اپنی تمام خوراک خود درآمد کرتا ہے اور اس سفارت خانے کا احاطہ تقریبا ویٹی کن سٹی کے برابر ہے۔ 

سات سال قبل جب اس سفارت خانے کی تعمیر شروع کی گئی تھی تو اس وقت عراق میں امریکی مفادات غیر محدود معلوم ہو رہے تھے مگر اس وقت امریکی ناقدین کہتے ہیں کہ بے انداز لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ سفارتی مشن سفید ہاتھی لگنے لگا ہے جس کی افادیت مشکوک ہے اور جیسا کہ سینیٹ میں دفتر خارجہ کے اخراجات کی کمیٹی کے چیرمین پیٹرک لے ہی نے کہا کہ 104 ایکڑ پر پھیلی ہوئی اِس عمارت کا رنگ و روغن سوکھنے سے پہلے یہ عمارت آثار قدیمہ لگنے لگی تھی۔ 

سفارت خانے کے 16 ہزار کے عملے میں سے تقریبا 5 ہزار عراق کیساتھ سیکیورٹی میں تعاون کے دفتر کو دیئے گئے ہیں ان میں عراق کے سینئر پولیس سپر وائزروں کو تربیت دینے والے لوگ شامل ہیں ایک ہزار کو چھوڑ کر باقی تمام امدادی عملہ ہے جو مختلف امریکی تنصیبات میں تربیت دینے والوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور انھیں تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
محکمہ دفاع کے ٹھیکیدار ان چھ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو چلاتے ہیں جو مقامی طور پر سفارت خانے کی ہوائی کمپنی کے نام سے مشہور ہے۔ 

کویت سے کھانے پینے کی رسد لانے والے قافلوں کی حفاظت سیکیورٹی کے پرایؤیٹ ٹھیکیداروں کے ذمے ہے۔ سفارت خانے میں سفارت کاروں، انٹیلی جنس کے اہل کاروں اور تجارت سے متعلق کارندوں کی تعداد دو ہزار ہے۔ محکمہ خارجہ کے انڈر سکرٹری پیٹرک کینیڈی کا کہنا ہے کہ وہائٹ ہاؤس نے اس سفارت خانے کے سائز کو کم کرنے کے لئے نہیں کہا اور ایسی کوئی علامات نہیں کہ اس کے بجٹ میں کٹوتی کی جائے گی مگر بغداد اور واشنگٹن میں عہدہدار اِس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا اِس سفارت خانے کا سائز مناسب ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 136632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش