0
Thursday 9 Feb 2012 20:33

عالم اسلام کے مسائل کا حل سیرت پیغمبر گرامیؐ سے استفادہ اور وحدت میں مضمر ہے، علامہ ساجد علی نقوی

عالم اسلام کے مسائل کا حل سیرت پیغمبر گرامیؐ سے استفادہ اور وحدت میں مضمر ہے، علامہ ساجد علی نقوی
اسلام ٹائمز۔ ایس یو سی کے جاری کردہ بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ خاتم المرسلینؐ اور اہل بیت اطہار علیھم السلام کی پاکیزہ اور برگذیدہ ہستیاں عالم بشریت کے لئے نجات اور ہدایت کا پیغام لائیں۔ پیغمبر گرامیؐ کی آمد کا مقصد دنیا کو تاریکیوں کی گہرائی سے نکال کر نور کی بلندیوں تک پہنچانا تھا یہی وجہ ہے کہ سرور کائناتؐ کی تبلیغ اور جدوجہد سے آج اسلام ایک ایسا دین بن کر سامنے ہے کہ جو ہر شخص‘ ہر طبقے اور ہر معاشرے کو زوال سے نکال کر کمال کی منزل تک پہنچا سکتا ہے۔ میلاد النبیؐ اور ولاد ت امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت اور ہفتہ وحدت (12 تا 17 ربیع الاول) کے اختتام پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ امام الانبیاء حضرت رسول خداؐ کی سنت اقدس اور منبع علم و حلم حضرت امام جعفر صادقؑ کی سیرت و کردار کو مشعل راہ بنا کر اسلام کے مشترکات کو مدنظر رکھ کر امت مسلمہ اپنی بدحالی پر قابو پاسکتی ہے۔
 
شیعہ علماء کونسل کے سربراہ نے کہا کہ پیغمبر گرامیؐ نے قرآن کریم‘ احادیث اور اسلامی تعلیمات کی شکل میں نطریہ و عقیدہ اور اپنی سیرت عالیہ کی شکل میں عمل کا جو بہترین اثاثہ امت مسلمہ بلکہ عالم انسانیت کے لئے چھوڑا ہے اس سے صحیصح استفادہ کر کے حقیقی معنوں میں دنیوی و اخروی نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ بدقسمتی سے آج امت مسلمہ سیرت نبویؐ اور تعلیمات اہل بیت اطہارؑ پر عملی طور پر عمل پیرا نہیں ہے اور ذاتی و اجتماعی سطح پر مختلف برائیوں‘ گناہوں‘ کوتاہیوں اور انتشار و افتراق کا شکار ہے جس کی وجہ سے تسلسل کے ساتھ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو تختہ مشق بنا رہی ہیں اور دنیا کے ہر حصے میں مسلمان ظلم و ستم کا شکار ہیں۔
 
علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عالم اسلام کے داخلی و خارجی مسائل کا واحد حل سیرت پیغمبر گرامیؐ سے صحیح استفادہ اور اتحاد و وحدت میں مضمر ہے۔ باہمی محبت و رواداری کو فروغ دیں‘ نفرتوں‘ بغض و عناد اور عداوتوں کا خاتمہ کریں‘ فروعی مسائل اور فرقہ وارانہ تنازعات کو ہوا دینے سے گریز کریں اور مشترکات پر جمع ہو کر وحدت کا عملی مظاہرہ کریں۔ 

خبر کا کوڈ : 136645
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش