0
Friday 10 Feb 2012 15:21

نیٹو سپلائی سے سڑکوں کو 123 ارب روپے کا نقصان پہنچا، وزیر مواصلات

نیٹو سپلائی سے سڑکوں کو 123 ارب روپے کا نقصان پہنچا، وزیر مواصلات
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مواصلات ارباب عالمگیر نے کہا ہے کہ نیٹو گاڑیوں کی آمدورفت سے پاکستان کی شاہرات کو 123 ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیٹو افواج کیلیے سامان لے جانے والی اوور لوڈ گاڑیوں کے مسلسل استعمال سے افغانستان جانے والی سڑکوں کا چھبیس فیصد حصہ خراب ہو چکا ہے۔ قومی اسمبلی وقفہ سوالات کے دوران ارباب عالمگیر نے کہا کہ نیٹو افواج سے پاکستانی سڑکوں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے مطالبے کی تجویز زیرغور ہے۔ نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اے این پی سینیٹر الیاس بلور کا یہ بیان قابل مذمت ہے کہ ان کی جماعت نے کراچی میں ایم کیو ایم کو نکیل ڈالی۔ فاروق ستار نے کہا کہ یہ بیان اس بات کا ثبوت ہے کہ اے این پی کراچی میں حالیہ قتل وغارت میں ملوث ہے، سپریم کورٹ اس بیان پر ازخود نوٹس لے۔
 
جس پر بشریٰ گوہر نے جواب دیا کہ اے این پی جمہوری پارٹی ہے کسی کو نکیل ڈالنے کی بات نہیں کی گئی۔ بشریٰ گوہر نے کہا کہ امریکی کانگریس کی کمیٹی میں بلوچستان کی صورتحال زیربحث آنا افسوسناک ہے، یہ کام پاکستان کی پارلیمنٹ کو کرنا چاہیے۔ ہمایوں عزیز کرد نے کہا کہ بلوچستان میں ایف سی کے کردار کو ختم نہیں کیا گیا تو نتائج خطرناک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان بلوچستان کو اپنا جزو نہیں سمجھتا تو بتا دیا جائے، بلوچ اپنا خیال رکھنے کے قابل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہرروز لاشیں گرتی ہیں اور حکومت اس حوالے سے مناسب اقدامات نہیں کر رہی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 136744
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش