QR CodeQR Code

پاسبان کی امریکی قونصلیٹ کی جانب رواں ریلی پر پولیس کی شیلنگ

10 Feb 2012 20:05

اسلام ٹائمز:ریلی کی قیادت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور سابق اسٹار کرکٹر قاسم عمر کر رہے تھے، جبکہ اس موقع پر دفاع پاکستان کونسل کے رہنما اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کے بیٹے عبداللہ گل بھی موجود تھے۔


اسلام ٹائمز۔ پاسبان کراچی کے تحت عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے امریکی قونصلیٹ کے باہر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور سابق اسٹار کرکٹر قاسم عمر کر رہے تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک میں انصاف نہیں مل رہا تو غیروں سے کیسے انصاف ملے گا۔ اس موقع پر دفاع پاکستان کونسل کے رہنما اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کے بیٹے عبداللہ گل بھی مظاہرے میں شرکت کے لئے پہنچے تو شرکاء نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ عبداللہ گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کے پلیٹ فارم سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے شرکاء سے عہد کیا کہ وہ ملک کے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے۔

بعد ازاں جب شرکاء نے امریکی قونصلیٹ کی جانب پیش قدمی شروع کی تو ریلی کے شرکاء پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔ اس موقع پر شرکاء اور پولیس میں ہاتھا پائی ہوگئی جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے پولیس نے مظاہرین کی لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے تواضع شروع کردی اور علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ اس موقع پر پولیس نے پاسبان کے صدر الطاف شکور اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو حراست میں لے لیا جبکہ درجنوں مظاہرین کو بھی گرفتار کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال بھی کیا۔


خبر کا کوڈ: 136823

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/136823/پاسبان-کی-امریکی-قونصلیٹ-جانب-رواں-ریلی-پر-پولیس-شیلنگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org