0
Sunday 12 Feb 2012 02:14

پاک فوج کے زیر حراست بریگیڈیئر علی خان پر شدت پسند تنظیم کے ساتھ روابط کے الزام میں فرد جرم عائد

پاک فوج کے زیر حراست بریگیڈیئر علی خان پر شدت پسند تنظیم کے ساتھ روابط کے الزام میں فرد جرم عائد
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی فوج کے زیرِ حراست بریگیڈیئر علی خان پر ایک شدت پسند تنظیم کے ساتھ روابط کے الزامات میں باضابطہ طور پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے اور عسکری ذرائع کے مطابق ان کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی بہت جلد شروع کر دی جائے گی۔ بریگیڈیئر علی خان کو گزشتہ برس 6 مئی کو فوج کے صدر دفتر جی ایچ کیو راولپنڈی سے حراست میں لیا گیا تھا جہاں وہ خدمات انجام دے رہے تھے۔ برطانونی نشریاتی ادرے کے مطابق فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر علی خان اور 4 دیگر حاضر سروس فوجی افسروں کو کالعدم تنظیم حزب التحریر کے ساتھ روابط رکھنے کے الزام میں باقاعدہ چارج شیٹ اسی ہفتے جاری کی گئی ہے جس کے ساتھ ان پر لگائے جانے والے الزامات کے حق میں شواہد (سمری آف ایویڈنس) بھی منسلک ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق بریگیڈیئر علی خان اور دیگر افسروں کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی سیالکوٹ گریژن میں کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب آئی ایس پی آر نے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم پاکستانی فوج کی قانونی برانچ کے سابق سربراہ اور کورٹ مارشل مقدمات کے نامی گرامی وکیل کرنل ریٹائرڈ محمد اکرم نے بی بی سی کو بتایا کہ بریگیڈیئر علی کے لواحقین نے فوجی عدالت میں ان کا مقدمہ لڑنے کے لیے ان سے رابطہ کیا ہے۔ کرنل اکرم نے کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ بریگیڈیئر علی خان کو چارج شیٹ اور سمری آف ایویڈنس جاری کر دئیے گئے ہیں۔ فوجی قوانین کے مطابق چارج شیٹ جاری کرنے کے چند روز کے اندر ہی ملزمان کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی شروع ہو جانی چاہیے۔ ذرائع کا کہنا ہے چارج شیٹ میں بریگیڈیئر علی پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ کالعدم تنظیم حزب التحریر کے ارکان سے ملتے رہے اور ان کے مقاصد کے حصول میں ان کی مدد کرنے کا وعدہ کرتے رہے۔

الزامات کے مطابق بریگیڈیئر علی نے حزب التحریر کے ایجنڈے کو فوجی ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں بھی نافذ کرنے اور کئی فوجی افسروں کو اپنا ہمنوا بنانے کی کوشش کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کورٹ مارشل میں برگیڈیئر علی کے علاوہ بعض دیگر فوجی افسر اور حزب التحریر کے ارکان کے خلاف بھی مقدمہ چلے گا۔
خبر کا کوڈ : 137077
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش