QR CodeQR Code

امریکہ سے کشیدگی اور بلوچستان پرسیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت ہے، بابر اعوان

13 Feb 2012 23:56

اسلام ٹائمز: لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے نائب صدر نے کہا کہ میاں نواز شریف کے دور حکومت میں احتساب سیل نے بینظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات قائم کئے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر بابر اعوان نے مغربی سرحد پر امریکہ سے کشیدگی اور بلوچستان میں کشیدہ صورت حال پرسیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد اور مذاکرے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عدلیہ کو نئی محبت کے آغاز کی پیشکش کی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ الزامات کی بجائے ایشوز کی سیاست کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں کو اپنا عرصہ پورا کرنا چاہیے جیسے سول اور عسکری خدمات کے ادارے کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ستمبر اکتوبر میں انتخابات کے کروانے کے وہ حق میں نہیں لیکن اپوزیشن سے بات کی جا سکتی ہے۔ 

مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ بینظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات انہی کے دور حکومت میں سیف الرحمان کی سربراہی میں قائم احتساب سیل نے قائم کئے تھے۔ اور سزا دلوانے کے لئے میاں شہباز شریف نے اس وقت کے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو ٹیلی فون کئے تھے جن کی آڈیو ریکارڈنگ بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ میاں نواز شریف کی حکومت کے دوران جھوٹے سیاسی مقدمات درج کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو دیوالیہ ہونے سے بچانے اور بہتر حکمرانی کے لئے ضروری ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت قائم ہو۔ عدلیہ سے توہین عدالت کا نوٹس ملنے سے متعلق سوال پر بابر اعوان نے محسن نقوی کا شعر سنا دیا:
                   چلو محسن محبت کا نیا آغاز کرتے ہیں 
                    خود کو قید رکھ کر تجھ کو آزاد کرتے ہیں
 
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جمہوری دور چوتھے سال میں داخل ہو گیا ہے جس میں مسلم لیگ ق، جے یو آئی، ایم کیو ایم، اے این پی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا کردار ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 137592

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/137592/امریکہ-سے-کشیدگی-اور-بلوچستان-پرسیاسی-جماعتوں-کے-درمیان-اتحاد-کی-ضرورت-ہے-بابر-اعوان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org