QR CodeQR Code

پاکستان میں فرقہ واریت اور معاشی تنزلی میں امریکی سازشیں نمایاں ہیں، علامہ امین شہیدی

14 Feb 2012 00:28

اسلام ٹائمز:ایم ڈبلیو ایم کے وفد سے ملاقات میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی گرتی ہوئی معیشت اور مسلسل تنزلی کے پیچھے امریکی سازشوں کا عمل دخل ہے، حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے۔


اسلام آباد ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ امریکہ کی پاکستان کے داخلی معاملات میں بڑھتی ہوئی مداخلت حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ حکومتوں کے بنانے سے خاتمے تک امریکہ کا ہاتھ نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت میں سی آئی اے  کا ہاتھ ملوث ہے۔ لیکن اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہئے اور پاکستان کے عوام کو امریکہ کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔ انھوں نے یہ بات مجلس وحدت المسلمین کے وفد سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ 

علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ اب حکمرانوں کو ہوش میں آ جانا چاہئے اور امریکی غلامی سے پاکستان کو آزاد کرانا چاہئے۔ ملک کی گرتی ہوئی معیشت اور مسلسل تنزلی کے پیچھے دراصل امریکی سازشوں کا عمل دخل ہے۔ ملک میں بہت سے اہم اداروں کو بھی امریکہ اپنی مرضی کے مطابق چلاتا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے ہر دور میں پاکستان پر اپنی مرضی کے حکمرانوں کو مسلط کیا تاکہ وہ واشنگٹن کی مرضی کا کام کرتے رہیں۔ آج ملک کی خارجہ پالیسی سے لیکر داخلہ پالیسی تک ہر معاملے میں امریکی عمل دخل نمایاں نظر آتا ہے لیکن اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ علامہ محمد امین شہیدی کا کہنا تھا کہ آج کے میڈیا نے عوام کی آنکھیں کھول دی ہیں تاہم ابھی بھی میڈیا کو اپنی آزادی اور ساکھ کی بحالی کیلئے مزید کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے نمائندوں کو منتخب کریں جو ملک کو  امریکی غلامی سے نجات دلا سکیں، جو کشکول کو ٹوڑ سکیں اور اپنے وسائل پر انحصار کر سکیں۔


خبر کا کوڈ: 137600

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/137600/پاکستان-میں-فرقہ-واریت-اور-معاشی-تنزلی-امریکی-سازشیں-نمایاں-ہیں-علامہ-امین-شہیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org