0
Tuesday 14 Feb 2012 11:05

ایران کو دھمکیاں جبکہ اسرائیل کو تھپکیاں دی جا رہی ہیں، حامد موسوی

ایران کو دھمکیاں جبکہ اسرائیل کو تھپکیاں دی جا رہی ہیں، حامد موسوی
اسلام ٹائمز۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ایک اخباری بیان میں علامہ سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ آج امت مسلمہ اور پاکستان دنیائے شیطنت کے گھیراؤ میں ہیں پوری دنیائے انسانیت اور عالم دین و شریعت مصائب و آلام میں گرفتار اور استعمار کی یلغار کا شکار ہیں، استعماری سرغنہ امریکہ اپنے پٹھوؤں کیساتھ مل کر ایک کے بعد دوسرے مسلم ملک کو نشانہ بنا رہا ہے، افغانستان، عراق، یمن، تیونس، مصر، لیبیا، بحرین استعماری مداخلت کا نشانہ عبرت بنے ہوئے ہیں تو دوسری جانب شام کو نافرمانی کا سبق سکھایا جا رہا ہے، ایران کو دھمکیاں اور اسرائیل کو تھپکیاں دی جا رہی ہے لیکن مسلم حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں اور اپنے اقتدار کو پکا کرنے کیلئے استعمار کی جی حضوریوں میں لگے ہوئے ہیں، امت مسلمہ کو زیر کرنے کیلئے مسلم حکمرانوں کو ہی استعمال کیا جا رہا ہے۔ اپنے اقتدار کیلئے استعمار کے فرمانبردار بننے والے حکمران کسی خوش فہمی میں نہ رہیں، تمام مسلمان ممالک استعماری اژدھا کے نشانے پر ہیں۔

انہوں نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ آل پارٹیز کانفرنسوں اور قومی اسمبلی کی قراردادوں کے باوجود وطن عزیز پر ڈرون حملے جاری ہے اور استعماری تعاون سے جاری دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ اور خود کش حملے بھی تھمنے کا نام نہیں لے رہے جبکہ تمام قومی ادارے مشترکہ دشمن کے بجائے ایک دوسرے کو پچھاڑنے میں مصروف ہیں سیاستدان و لیڈران دین و وطن کے تحفظ کے بجائے اپنے بچاؤ اور مخالفین گراؤ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جو پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ اس دور ابتلا میں مسلمانانِ عالم کو رسول و آل رسولؐ کا دامن تھامنا ہوگا جن کا اسوہ مایوسیوں میں امید کی کرنِ نور ہے۔ خانوادہ محمد و آل محمد ؐ نے ثابت کر دیا کہ طاقت حق نہیں بلکہ حق طاقت ہے، آج جب مسلم حکمران عالم اسلام کی تاراجی پر استعمار کے خوف سے بے بس نظر آتے ہیں انہیں اسوہ خانوادہ رسول سے سبق حاصل کرتے ہوئے متحد ہو کر استعماری پالیسیوں کے خلاف صف آراء ہونا ہوگا اسی میں امت مسلمہ و پاکستان کی سرفرازی کا راز مضمر ہے۔

کشتی اسلام کے ناخداؤں سے وابستہ ہوکر اور اتحاد کی طاقت سے مسلح ہو کر ہی عالمی استکبار و استعمار اور اس کے پٹھوؤں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ ہفتہ وحدت و اخوت کے اختتام اور خاندان رسالت کی عصمت مآب ہستی حضرت ام کلثوم کی ولادت پرنور کے سعید موقع پر ہم یہ عہد و پیمان کرتے ہیں کہ محمد و آل محمدؐ کے کردار و افکار کی روشنی سے ظلم و جور سے بھری دنیا کو اجالنے کی جدوجہد پوری امانت و دیانت اور عزم و استقامت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 137693
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش