QR CodeQR Code

پاکستان میں ‌تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون کرینگے، ایرانی قونصل جنرل

15 Feb 2012 16:04

اسلام ٹائمز: جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر نے ایرانی قونصل جنرل سے بات چیت میں کہا کہ پاکستان اور ایران دوستی کے لازوال رشتے میں جڑے ہوئے ہیں، تعلیمی میدان میں‌ دونوں‌ ممالک کے درمیان تعاون کے دورس نتائج برآمد ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے کوئٹہ میں متعین قونصل جنرل سید حسین یحییٰ وی نے کہا ہے کہ ایران بلوچستان میں تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں‌ تعاون کر رہا ہے تاکہ خطے میں تعلیم کو فروغ دیا جا سکے اور دونوں برادر ملکوں ‌میں دوستی کے لازوال رشتے کو مضبوط اور پائیدار بنایا جا سکے۔ 

یہ بات انہوں نے اپنے وفد کے دیگر ارکان کے ہمراہ پیر کے روز جامعہ بلوچستان کے دورے اور وائس چانسلر عبدالنبی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں‌ نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور لیبارٹری میں ایران کی جانب سے قائم کردہ کمپیوٹر لیب کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ڈپٹی قونصل جنرل محمد رضا کرمانشاہی اور ڈائریکٹر جنرل سید ابوالقاسم بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان اچھے دوست ہیں اور بلوچستان ایران کی سرحد کے ساتھ واقع ہے، جسکی وجہ سے ایران کی خواہش ہے کہ وہ بلوچستان میں‌ تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں مکمل طور پر تعاون کرے۔ یونیورسٹی کی کمپیوٹر لیب کو آلات کی فراہمی بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔ جسکا مقصد اعلٰی تعلیم کے فروغ اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا ہے۔ 

جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالنبی نے ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یونیورسٹی کی تعلیمی تحقیقی سرگرمیوں اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے برادارانہ تعلقات ہیں اور بلوچستان یونیورسٹی نے اعلٰی تعلیم کی ترقی کیلئے ایران کے مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ باہمی سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں، جسکے دورس نتائج برآمد ہونگے۔


خبر کا کوڈ: 137984

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/137984/پاکستان-میں-تعلیمی-نظام-کی-بہتری-کیلئے-ہر-ممکن-تعاون-کرینگے-ایرانی-قونصل-جنرل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org