0
Wednesday 15 Feb 2012 19:47

نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کیخلاف جے یو آئی جمعہ کو یوم احتجاج منائے گی

نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کیخلاف جے یو آئی جمعہ کو یوم احتجاج منائے گی
اسلام ٹائمز۔ جے یو آئی (ف) کے سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے حکومت کی جانب سے نیٹو کی سپلائی لائن کی بحالی پر احتجاج کرتے ہوئے جمعہ سے ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم قومی سلامتی پر حکومت کے ساتھ جو تعاون کر رہے تھے وہ واپس لیتے ہیں، سپریم کورٹ نے وزیراعظم پر فرد جرم عائد کر کے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا فیصلہ کیا ہے، عدالت سے گزارش ہے کہ جہاں وہ پرانے مردے اکھاڑ کر عدالت کی برتری ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے وہاں موجودہ صورتحال کا بھی نوٹس لیا جائے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ نیٹو سپلائی لائن کی زمینی اور فضائی بحالی بند کرے، وزیراعظم اپنے کہے سے مکر گئے ہیں۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم پر فردجرم عائد کر کے ملک کی تاریخ کا بہت بڑا فیصلہ کیا ہے اس کے اثرات ہمارے سیاسی اور انتظامی ماحول پر مرتب ہو رہے ہیں عدالت سے گزارش ہو گی کہ جہاں وہ پرانے مردے اکھاڑ کر عدالت کی برتری ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہاں وہ موجودہ صورتحال کا بھی نوٹس لیں، بلوچستان جل رہا ہے بیرونی مداخلت واضح نظر آ رہی ہے، ڈرون حملوں کے نتیجے میں بے گناہ پاکستانی پختون شہید ہو رہے ہیں غریبوں کی قوت خرید جواب دے چکی ہے عدالت کو اس طرف بھی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا تھا کہ نیٹو سپلائی لائن بند کر دی جائے گی اور امریکہ کے زیراستعمال ایئر بیس خالی کروائی جائے گی یہ ایسا فیصلہ تھا کہ قوم بھی یہی چاہتی تھی اور تمام سیاسی جماعتوں نے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر حکومت اور عسکری قوت کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہو گئی۔ 

انہوں نے کہا کہ فوج نے بھی کہا تھا کہ ڈرون حملہ ہوا تو ہم ڈرون طیارے مار گرائیں گے ابھی ان فیصلوں کی سیاہی خشک بھی نہیں ہوئی تھی کہ ڈرون حملے جاری ہو گئے اور ابھی تک جاری ہیں، کل وزیر دفاع نے اعلان کیا کہ نیٹو کو محدود سپلائی کی اجازت دی جا رہی ہے جو شرمناک بات ہے وزیر دفاع کے اعلان سے پہلے امریکی سفیر نے کہہ دیا تھا کہ ہم پاکستان کی فضائی حدود استعمال کر رہے ہیں اور اس بات کا پوری قوم کو علم تھا، اس خفت کو مٹانے کے لئے حکومت نے وزیر دفاع سے اعلان کروا دیا، سپلائی لائن پہلے بھی بحال تھی اور اب بھی بحال ہے اس پر جے یو آئی احتجاج کرتی ہے سیاسی قیادت جو قومی سلامتی کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی ہو گئی تھی ہم اس تعاون کو واپس لیتے ہیں اور اپنے مطالبے کو دہراتے ہیں کہ حکومت نیٹو کو زمینی اور فضائی سپلائی بند کرے، ڈرون حملے روکے۔
 
غفور حیدری نے کہا کہ وزیراعظم اپنے کہے سے مکر گئے ہیں اگر نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کی ضرورت پڑی تو پہلے پارلیمنٹ سے رجوع کریں گے مگر قوم اور پارلیمنٹ سے رجوع کئے بغیر نیٹو سپلائی کی بحالی کی اجازت ناقابل برداشت عمل ہے، ہم نے طے کیا ہے کہ قوم کی طرف رجوع کریں گے اور ایسے اقدامات کے تحت قوم کو منظم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات پر ناراض ہے کہ امریکہ بلوچستان میں براہ راست مداخلت کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف دوستی کی پینگیں بڑھانے میں مصروف ہے، اس طرح کی منافقت کب تک چلے گی، جمعہ سے ملک بھر میں نیٹو سپلائی کی بحالی پر جے یو آئی احتجاج کرے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بہاولپور میں 26 فروری کو اسلام زندہ باد کانفرنس میں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 138059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش