0
Thursday 16 Feb 2012 00:52

حکومت معصوم اور بے گناہ شہریوں کو اغواء کرنے پر عوام سے معافی مانگے، میاں محمد اسلم

حکومت معصوم اور بے گناہ شہریوں کو اغواء کرنے پر عوام سے معافی مانگے، میاں محمد اسلم
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے ہر طرف ظلم کا دور دورہ ہے جنرل مشرف کے آمریت کہ دور سے لوگوں کو گھروں سے اُٹھانے کا سلسلہ شروع ہوا جو آج بھی جاری ہے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے علاوہ قوم کے ڈاکٹرز، انجینئرز، طلبہ، نوجوان، خواتین کو بڑی تعداد میں لاپتہ کیا گیا ہے، پوری قوم نے اس پر احتجاج کیا ہے اور سپریم کورٹ نے بھی اس کا سوموٹو نوٹس لیا لیکن ان میں اب تک بازیابی کا عمل سامنے نہیں آیا۔ بلوچستان میں سے لاپتہ افراد کو قتل کر کے ان کی لاشیں پھینک دی جاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں لواحقین سے اظہار ہمدردی اور بعد ازاں کیمپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی اسلام آباد کے نائب امیر میاں محمد رمضان،کاشف چوہدری، شباب ملی اسلام آباد کے صدر راؤ جاوید اختر،سیکرٹری اطلاعات سجاد احمد عباسی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

میاں اسلم نے آمنہ مسعود جنجوعہ کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھیں یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اس جدوجہد میں اُن کے شانہ بشانہ ساتھ ہے انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت دیگر لاپتا افراد کو فی الفور بازیاب کرائے اور حکومت معصوم اور بے گناہ شہریوں کو اغواء کرنے پر عوام سے معافی مانگے۔ انسانی جانوں اور ان کے حقوق کی یہ پامالی سیکیورٹی اداروں سمیت پوری حکومت کے لئے شرمناک اور بدترین بدنامی کا باعث ہے۔
خبر کا کوڈ : 138119
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش