0
Friday 17 Feb 2012 19:54

حکمرانوں کی غیرت جاگ اٹھے تو ڈرون حملے ایک دن میں بند ہو سکتے ہیں، شہباز شریف

حکمرانوں کی غیرت جاگ اٹھے تو ڈرون حملے ایک دن میں بند ہو سکتے ہیں، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز ہونے والے ڈرون حملوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس ان حملوں کی مذمت کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں مرنے والے بھی اسی طرح پاکستان کے بیٹے ہیں جس طرح لاہور اور کراچی میں بسنے والے عوام اور ان کا خون بھی پاکستان کے بڑے شہروں میں رہنے والے شہریوں کی طرح قیمتی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ڈرون حملوں نے پاکستان کی قومی خودمختاری کے ساتھ ساتھ جغرافیائی سلامتی کے تقدس کو بھی مجروح کر کے رکھ دیا ہے اور اگر یہ مذموم سلسلہ بند نہ کیا گیا تو خدانخواستہ پاکستان کا کوئی علاقہ اغیار کی دستبرد سے محفوظ نہیں رہے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ ایبٹ آباد اور سلالہ چیک پوسٹ کے سانحوں کے بعد ہمیں اس ضمن میں کسی خوش گمانی کا شکار نہیں رہنا چاہئے، بدقسمتی سے یہ سب کچھ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان کا اقتدار ان لوگوں کے قبضے میں ہے جنہیں پاکستانی عوام کی جانوں، پاکستان کی خودمختاری اور پاکستانی قوم کی خودداری، عزت اور حمیت سے کوئی سروکار نہیں، ان حالات میں پاکستانی عوام کے پاس اپنے حکمرانوں کے لئے نفرت کے سوا اور کچھ نہیں۔ انہو ں نے کہا کہ غیروں کے ٹکڑوں پر پلنے والے حکمران اپنی قوم کو تحفظ نہیں دے سکتے، اگر آج بھی حکمرانوں کی غیرت جاگ اٹھے تو یہ حملے ایک دن میں بند ہو سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ دوسری طرف یہ امر بھی کم افسوسناک نہیں کہ بیسویں ترمیم پر سیاست کرنے اور انتخابی فہرستوں میں گڑبڑ کے نتیجے میں خانہ جنگی کی دھمکیاں دینے والے خودساختہ لیڈروں نے ڈرون حملوں پر اپنے ہونٹ سی رکھے ہیں اور انہیں شمالی علاقوں میں آسمانوں سے برستے ہوئے گولے اور خاک و خون میں تڑپتے ہوئے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے لاشے نظر نہیں آتے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہر طرح کے حالات میں ڈرون حملوں کے خلاف جدوجہد کا علم بلند رکھے گی۔ 

خبر کا کوڈ : 138496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش