QR CodeQR Code

آئی ایس او راولپنڈی ڈویژن کا پاراچنار میں خودکش دھماکے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

17 Feb 2012 22:39

اسلام ٹائمز:مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر کا کہنا تھا کہ ظلم کی بات ہے کہ ایک طرف گذشتہ چار سالوں سے پاراچنار روڈ بند ہے تو دوسری جانب نماز جمعہ کے موقع پر معصوم شہریوں کو خون میں نہلا دیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی ڈویژن کی جانب سے پاراچنار میں ہونے والے خودکش دھماکے کے خلاف ایکسپریس ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ایکسپریس ہائی وے کو دونوں اطراف سے بلاک کر دیا جس سے لاہور سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے لاہور جانے والی ٹریفک جام ہو کر رہ گئی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے ڈویژنل صدر انیس کا کہنا تھا کہ ظلم کی بات ہے کہ ایک طرف گذشتہ چار سالوں سے پاراچنار روڈ بند ہے تو دوسری جانب نماز جمعہ کے موقع پر معصوم شہریوں کو خون میں نہلا دیا گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت واقعہ کی تحقیقات کرائے کیوں کہ نہتے شہریوں پر سیکیورٹی فورسز کی طرف سے بھی گولیوں کی بوچھار کی گئی جس کے نتیجے میں کئی شہری شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو ملک میں امن وامان کی کوئی ضمانت نہیں دے سکتا۔ افسوس کا مقام ہے کہ جس فورسز کو عوام کی جان و مال کی حفاظت پر مامور کیا گیا ہے وہ نہتے شہریوں پر گولیاں برسا رہی ہے۔

برادر انیس کا کہنا تھا کہ یہ وہی عوام ہے جس نے آج تک ریاست کے خلاف کوئی ایسا اقدام نہیں کیا جس سے ان کی حب الوطنی پر شبہ کیا جا سکے۔ لیکن افسوس کا مقام ہے جن لوگوں نے سیکیورٹی فورسز پر حملے کیے، جنہوں نے عوام کا جینا حرام کر دیا اُن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پولیٹیکل ایجنٹ ایک طرف پاراچنار کے مظلوم شہریوں کو کچھ دن پہلے یہ بتا رہے تھے کہ خود کش دھماکہ ہو سکتا ہے لیکن اُن کی حفاظت کیلئے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ ڈویژنل صدر کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ فی الفور اس واقعہ کی تحقیقات کرائے اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔ اس موقع پر مظاہرین حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی۔


خبر کا کوڈ: 138539

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/138539/ا-ئی-ایس-او-راولپنڈی-ڈویژن-کا-پاراچنار-میں-خودکش-دھماکے-کے-خلاف-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org