QR CodeQR Code

پارا چنار کے بعد ہنگو میں تخریب کاری کا منصوبہ، دو دہشت گرد گرفتار

18 Feb 2012 18:27

اسلام ٹائمز:گرفتار ہونے والے دونوں دہشت گرد افغانی ہیں جو ہنگو میں ہدف لے کر آئے تھے، ملزمان سے ایک رائفل، خودکش جیکٹ، دو پستول اور کارتوس برآمد کر لئے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد ہونے والی دہشت گردی کے واردات کے بعد تخریب کاروں کا اگلا ہدف ہنگو تھا جس کے لئے افغانستان سے دو دہشت گردوں کو روانہ کیا گیا جنہیں سیکیورٹی اداروں نے حراست میں لے کر دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی۔ اطلاعات کے مطابق ہنگو کی تحصیل ٹل سے دو افغان دہشت گردوں کو گرفتار کر کے خودکش جیکٹ اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹل پولیس کے سرکل ایس ڈی پی او شوکت علی شاہ اور ایس ایچ او امیر اللہ نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ نواحی گاؤں رحمت شاہ بانڈہ کے علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے ٹارگٹ پر جانے کی تیاری کرنیوالے دو دہشت گردوں حبیب اللہ اور سید ولی کو حراست میں لے لیا گیا اور انکے قبضے سے ایک خودکش بارودی جیکٹ، ایک رائفل، دو پستول اور سینکڑوں کارتوس برآمد کر کے انکو فوری طور پر چھان بین کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے بقول گرفتار دہشت گردوں کا تعلق افغانستان کے صوبہ پکتیا سے بتایا جاتا ہے جو ہنگو کے کسی علاقے کو خودکش دھماکہ کے ذریعے تخریب کاری کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران پولیس کو ایلیٹ فورس کے خصوصی کمانڈوز اور بھاری مشین گنوں سے لیس بکتر بند گاڑیوں کی مدد بھی حاصل رہی اور کارروائی کے دوران پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر آمدورفت کے تمام راستے بند رکھے گئے تھے جبکہ ایک گھنٹہ کی سرچ آپریشن میں لاؤڈ سپیکر کے ذریعے مقامی آبادی کے افراد کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایات جاری کی گئی تھی۔

ادھر ہنگو بم ڈسپوزل سکواڈ کے ضلعی انچارج اسد اللہ نے خودکش جیکٹ کا معائنہ کرتے ہوئے بتایا کہ 12 کلو گرام دھماکہ خیز مواد پر مشتمل جیکٹ میں بال بیرنگ اور نٹ بولٹ کے علاوہ دھماکہ کرنے کا دوہرا سسٹم استعمال کیا گیا تھا جو عموماً خودکش دھماکوں کے جائے وقوعہ سے پولیس کی تحقیقاتی ٹیموں کو ملنے والی شواہد سے مشابہت رکھتی ہیں۔ دریں اثناء پولیس تھانہ ٹل میں گرفتار دونوں دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 138757

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/138757/پارا-چنار-کے-بعد-ہنگو-میں-تخریب-کاری-کا-منصوبہ-دو-دہشت-گرد-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org