QR CodeQR Code

بلوچستان کے حوالے سے قرارداد پر امریکا کو منہ کی کھانی پڑے گی، جاوید ہاشمی

19 Feb 2012 17:36

اسلام ٹائمز:تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کا کہنا ہے کہ امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے جو کہ افسوسناک ہے اس حرکت کا موقع خود ہمارے حکمرانوں نے امریکہ کو دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حوالے سے قرارداد پر امریکا کو منہ کی کھانی پڑے گی، قوم متحد ہے، صرف لیڈروں کو خواب غفلت سے جگانا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکمران کمزور ہوں گے تو پاکستان پر دباؤ بڑھے گا، دباؤ کا سامنا وہی کرتے ہیں جن کے دامن صاف ہوں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ اسمبلیاں بوگس ہیں، چار سال میں ایک بھی عوامی مسئلہ حل نہیں ہوا۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت بحران ہی بحران ہیں، سب سے زیادہ توانائی کے بحران نے جہاں عوام کی زندگیاں اجیرن بنا رکھی ہیں وہاں صنعتی حوالے سے بھی ملک کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اب ملک بھر میں اپنا سٹرکچر تیار کر رہی ہے اور تمام حلقوں میں ایسے امیدوار منتخب کئے جا رہے ہیں جو باکردار ہوں اور ان کے کردار کی بدولت امریکہ یا کوئی اور قوت انہیں بلیک میل نہ کر سکے۔ 

جاوید ہاشمی نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنا لائحہ عمل تیار کر لیا اور اس منشور کے مطابق ہی ہم انتخابات کے لئے میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے جو کہ افسوسناک ہے اس حرکت کا موقع خود ہمارے حکمرانوں نے امریکہ کو دیا ہے، تحریک انصاف اقتدار میں آ کر امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات بحال کریں گے اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ 


خبر کا کوڈ: 139045

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/139045/بلوچستان-کے-حوالے-سے-قرارداد-پر-امریکا-کو-منہ-کی-کھانی-پڑے-گی-جاوید-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org