QR CodeQR Code

ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ پاکستان کے استحکام کیخلاف سازش ہے، علامہ رمضان توقیر

19 Feb 2012 21:50

اسلام ٹائمز:ہری پور میں احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے رہنماء کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے وارث ہیں اور آج تک قربانیاں دے رہے ہیں لیکن ملک و اسلام دشمن قوتیں ملت تشیع کے نوجوانوں کو انتقام کیلئے مجبور کررہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ محمد رمضان توقیر نے ملک کے مختلف شہروں میں جاری اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قتل و غارت گری کا یہ سلسلہ پاکستان کے استحکام کیخلاف سازش ہے، ملک میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف مختلف شیعہ تنظیموں کی جانب سے نکالی گئی مشترکہ احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں یکسر ناکام ہیں، جس کی وجہ سے دہشتگردوں اور اسلام دشمن قوتوں کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے وارث ہیں اور آج تک قربانیاں دے رہے ہیں لیکن ملک و اسلام دشمن قوتیں ملت تشیع کے نوجوانوں کو انتقام کیلئے مجبور کررہی ہیں، اللہ نہ کرے کہ ایسا وقت آئے کہ پاکستان کے دشمن اپنی سازشوں میں کامیاب ہو جائیں۔

علامہ رمضان توقیر نے شیعہ، سنی نوجوانوں سمیت ملت اسلامیہ سے اپیل کی کہ وہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنادیں، انہوں نے پاراچنار خودکش حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس چھوٹی چھوٹی باتوں پر تو ازخود نوٹس لے لیتے ہیں جبکہ مساجد پر خودکش حملوں میں درجنوں نمازی شہید کردیئے جاتے ہیں لیکن یہ محترم عدلیہ کو نظر نہیں آتا، انہوں نے کہا کہ اگر انصاف کے تقاضے پورے نہ ہوئے تو ہمیں خدشہ ہے کہ کہیں پاکستان خانہ جنگی کی طرف نہ چلا جائے، آخر میں علامہ رمضان توقیر نے گزشتہ دنوں ہری پور میں قتل ہونے والے عظمت عباس اور فیضان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 139089

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/139089/ٹارگٹ-کلنگ-کا-سلسلہ-پاکستان-کے-استحکام-کیخلاف-سازش-ہے-علامہ-رمضان-توقیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org