QR CodeQR Code

جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیر انتظام دفاع پاکستان دھرنے کی تیاریاں مکمل

19 Feb 2012 23:31

اسلام ٹائمز:اسلام آباد کے دونوں انتخابی حلقوں کے اُمیدوار میاں محمد اسلم اور زبیر فاروق خان نے تمام زونز کا دورہ کیا، مختلف برادریاں اور معاشرے کے نمایاں افراد کے علاوہ درجنوں مقامات پر کارنر میٹنگز میں دھرنے کو کامیاب بنانے کیلئے عوام سے شرکت کی استدعا کی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے زیر انتظام 20 فروری کو نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کے آبپارہ میں ہونے والے دھرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ دھرنے کا آغاز صبح گیارہ بجے ہو گا، دھرنے سے دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدئن خطاب کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن دھرنے میں شرکت کے لیے آج رات اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔ اسلام آباد کے دونوں انتخابی حلقوں کہ اُمیدوار میاں محمد اسلم اور زبیر فاروق خان نے اسلام آباد کے مختلف تنظیمی زونز آئی ٹین،جی نائن،ترنول،سنگجانی،سہالہ،جی سکس،بھارہ کہو،چراہ،لوہی بھیر اور ہمک کے طوفانی دورے کیے جہاں پر انھوں نے مختلف برادریوں اور معاشرے کے نمایاں افراد کے علاوہ درجنوں مقامات پر کارنر میٹنگز کے ذریعے عوام الناس کو دھرنے میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔

جماعت اسلامی کے مطابق مجموعی طور پر ضلع اسلام آباد میں دھرنے کے حوالے سے زبردست جوش و خروش نظر آرہا ہے اور عوام کی بڑی تعداد دھرنے میں شرکت کیلئے پرعزم بھی نظر آ رہی ہے۔ علاوہ ازیں نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں محمد اسلم، زبیر فاروق نے کہا کہ دفاع پاکستان کانفرنس وقت کا اہم تقاضا ہے اور عوام بڑی تعداد میں شرکت کر کے یہ ثابت کر دیں گے کہ پاکستانی قوم دفاع وطن کیلئے بیدار و تیار ہیں۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ ہر شخص تمام تر مسلکی،لسانی و سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے محض دفاع وطن کے جذبے سے دھرنے میں ضرور شرکت کرے اور حب الوطنی کا ثبوت دے۔


خبر کا کوڈ: 139103

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/139103/جماعت-اسلامی-اسلام-آباد-کے-زیر-انتظام-دفاع-پاکستان-دھرنے-کی-تیاریاں-مکمل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org