QR CodeQR Code

ایران نے برطانیہ اور فرانس کو خام تیل کی فروخت بند کر دی

20 Feb 2012 00:20

اسلام ٹائمز:ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پرامن جوہری پروگرام جاری رکھیں گے تاہم بدترین حالات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ایران نے برطانیہ اور فرانس کو خام تیل کی فروخت بند کر دی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت تیل کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانوی اور فرانسیسی کمپنیوں کو خام تیل کی فروخت بند کر دی گئی ہے۔ علی رضا نیک زاد نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے 6 یورپی ممالک کو تیل کی فروخت بند کرنے کے بعد اب برطانوی اور فرانسیسی کمپنیوں کو بھی تیل کی فروخت بند کر دی ہے۔ نیک زاد نے اس بیان میں یہ کہتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران خریداروں کو تیل کی فروخت اور برآمدات میں کسی قسم کی مشکل سے دوچار نہیں، زور دیا کہ تیل کی فروخت کے لئے متبادل انتظامات کر لئے گئے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق عالمی پابندیوں کے خلاف ایران نے برطانیہ اور فرانس کو بھی تیل کی فراہمی روک دی ہے اور ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ پرامن جوہری پروگرام جاری رکھیں گے تاہم بدترین حالات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے جوہری نگراں آج ایران سے مذاکرات کریں گے۔ ایرانی ٹی وی کے مطابق برطانیہ اور فرانس کی کمپنیوں کو تیل کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ ان ممالک کی طرف سے ایران کے توانائی اور بینک سیکٹر پر حالیہ پابندیاں عائد کرنے پر کیا گیا ہے۔ 

تیل کی پیداوار کے ایرانی وزیر رستم قاسمی کا کہنا تھا کہ تیل کی فروخت فوری طور پر بند کر دی گئی ہے۔ایران اس سے پہلے جرمنی،اٹلی،اسپین،یونان،پرتگال اور ہالینڈ کو تیل کی فراہمی بند کر چکا ہے۔ ایران نے امریکا،اسرائیل اور یورپی ممالک کی طرف سے مسلسل دھمکی آمیز بیانات کے جواب میں تیل کی فراہمی بند کرنے کا اہم فیصلہ کیا۔امریکہ اور یورپی یونین ایران پر پابندیوں کا ہدف ایرانی تیل کی برآمدات کو بنا رہے ہیں۔یورپی یونین نے 23جنوری کو متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ ایران سے تیل کی درآمدات مکمل طور سے بند کر دی جائیں تاہم اس کا اطلاق پہلی جولائی سے ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 139118

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/139118/ایران-نے-برطانیہ-اور-فرانس-کو-خام-تیل-کی-فروخت-بند-کر-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org