0
Tuesday 27 Oct 2009 09:52

پاکستان،ایران اور عراق میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں غیر ملکی ایجنٹ ملوث ہیں،آیت اللہ خامنہ ای

پاکستان،ایران اور عراق میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں غیر ملکی ایجنٹ ملوث ہیں،آیت اللہ خامنہ ای
تہران:ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ پاکستان،ایران اور عراق میں ہونے والے دہشت گردی کی کارروائیوں اور خونریزی میں غیر ملکی ایجنٹ ملوث ہیں اور ان عناصر کا مقصد فرقہ وارانہ تقسیم کرانا ہے تا کہ خطہ عدم استحکام کا شکار ہو۔ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اسلامی ممالک میں ہونے والی خونی وارداتیں شیعوں اور سنیوں کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کیلئے کی جارہی ہیں اور ان ممالک کو خبردار رہنا چاہئے کہ دہشت گردی کی کارروائی کرنے والے بلواسطہ یا بلاواسطہ غیر ملکی ایجنٹ ہیں اور تمام ممالک ان کیخلاف متحد ہو جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکی دباؤ کے باوجود دہشتگردوں کو پکڑنے میں تعاون کرے گا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عرا ق اور پاکستان میں دہشت گردانہ بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے فرمایا یہ اقدامات شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان اختلاف و تفرقہ پیدا کرنے کے لئے انجام دئے جا رہے ہيں ۔حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایران کی حج کمیٹی کے انتظامی اور ثقافتی عہدیداروں سے خطاب کے دوران موجودہ حالات میں اسلامی اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ بعض اسلامی ملکوں منجملہ عراق اور پاکستان اور ایران کے بعض علاقوں میں جو دہشت گردانہ اقدامات انجام دئے گئے ہيں وہ شیعہ و سنی مسلمانوں کے درمیان اختلاف پیداکرنے کے لئے ہيں بنابریں امت مسلمہ کے اتحاد کے موضوع پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا جو لوگ اس طرح کے خونریز و دہشت گردانہ اقدامات انجام دیتے ہیں وہ براہ راست یابالواسطہ طور پر اغیار کے ایجنٹ ہیں ۔حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا آج عالم اسلام بالخصوص عراق،افغانستان،فلسطین اور پاکستان کے بعض علاقوں میں جو کچھ ہو رہا ہے،حجاج بیت اللہ الحرام، اس سے غافل نہيں رہ سکتے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا حج کے دوران ایسے اقدامات پر خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے جو مسلمانوں کے اتحاد کو نقصان پہنچا سکتے ہوں یا پھر ایسی کوششوں پر نظر رکھنی ہو گي جو دنیائے اسلام کے پرچم کو جسے ایران سے بلند کیا گیا ہے جھکانے کی غرض سے انجام دی جا رہی ہوں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے شیعہ و سنی مسلمانوں کے خلاف ہونے والی اہانتوں اور نامناسب رویوں حتی جنت البقیع،مسجدالحرام و مسجدالنبی میں مسلمانوں کی ناموس کی شان میں ہونے والی گستاخیوں پر تنقید کرتے ہوئے فرمایا اس طرح کے اقدامات امت مسلمہ کے اتحاد کے منافی اور امریکہ اور اغیار کی ایجنسیوں کے مفاد میں ہیں بنابریں سعودی عرب کی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس طرح کے اقدامات کا سدباب کرنے کے لئے اپنے فریضے پر عمل کرے۔ حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے حج کو ایک عظیم و گرانقدر موقع قرار دیا اور فرمایا کہ حج کو تمام تفرقہ انگيز اقدامات کے مقابلے میں ملت اسلامیہ کے عزم راسخ کا مظہر اور عالم اسلام کے کی ترقی و پیشرفت کی علامت ہونا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 13919
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش