QR CodeQR Code

25 مارچ کو نشتر پارک لبیک یا حسینؑ کے نعروں سے گونج اٹھے گا، ایم ڈبلیو ایم

20 Feb 2012 13:25

اسلام ٹائمز:کراچی میں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے کہا کہ نشتر پارک کا جلسہ شیعہ قوم کی تاریخ کا عظیم جلسہ ہوگا، جہاں لاکھوں افراد عصر حاضر کے یزید کو شکست دینے کے لئے قرآن و اہلبیت ؑ سے تجدید عہد کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنماؤں محمد مہدی، مولانا علی انور، میثم عابدی و دیگر نے ڈسٹرکٹ نمائندگان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 مارچ شیعہ قوم کی قوت کے اظہار کا دن ہے، اس دن سندھ بھر میں بسنے والے ہر پیروان اہلبیتؑ پر لازم ہے اپنے حقوق کی حفاظت کے لئے گھروں سے نکلیں اور نشتر پارک میں جمع ہوکر یہ ثابت کریں کہ شیعان اہلبیتؑ پاکستان کو فرقہ واریت میں جھونکنے کی سازش، بلوچستان کو علیحدہ کرنے کے منصوبہ، ملکی سالمیت کو داؤ پر لگانے اور ملک میں امریکی مداخلت کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نشتر پارک کا جلسہ شیعہ قوم کی تاریخ کا عظیم جلسہ ہوگا، جہاں لاکھوں افراد عصر حاضر کے یزید کو شکست دینے کے لئے قرآن و اہلبیت ؑ سے تجدید عہد کریں گے۔

رہنماؤں نے کہا کہ آج پاکستان کی سالمیت کو داؤ پر لگانے والی کالعدم تنظیمیں پاکستان کے دفاع کے نام پر اپنے اجتماعات منعقد کررہی ہیں، جو کہ سراسر پاکستان کے عوام کے ساتھ دھوکہ ہے، کیونکہ یہ وہی لوگ ہیں کہ جنہوں نے افغان جہاد کے نام پر پاکستان میں اسلحہ کلچر عام کیا، پاکستان کو فرقہ واریت کی دلدل میں دھکیلا، مارکیٹوں پر حملے کئے، مزارات کے تباہ کیا، پاک فوج کے جوانوں کے شہید کیا اور بے گناہوں کا بے دریغ قتل عام کیا، حتیٰ کہ خود حساس ادارے بھی ان کی کاروائیوں کی زد میں آئے، ایسے عناصر کا پاکستان میں کھلے بندوں جلسے کرنا حساس اداروں اور وزارت داخلہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والا ہر شیعہ معاملہ فہم ہے اور جانتا ہے کہ کون پاکستان کا دشمن ہے اور کون دوست۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ عام کی تیاریوں کی آغاز کردیا گیا اور پہلے مرحلے میں علاقوں میں رابطے کئے جارہے ہیں اور آئندہ چند روز میں شہر بھر کے علمائے کرام، ذاکرین عظام، تنظیمیں، ماتمی انجمنیں، ٹرسٹیز، غرض ملت میں ہر فرد تک جلسہ کا دعوت نامہ پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 25 مارچ کے دن طاغوتی طاقتوں کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ اب ملت جعفریہ ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے عملی میدان میں آچکی ہے اور شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی راہ پر چلتے ہوئے پاکستان کو ہر قسم کی مشکلات سے نجات دے گی۔


خبر کا کوڈ: 139283

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/139283/25-مارچ-کو-نشتر-پارک-لبیک-یا-حسین-کے-نعروں-سے-گونج-اٹھے-گا-ایم-ڈبلیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org