0
Monday 20 Feb 2012 23:03

علامہ ساجد نقوی کی جانب سے حافظ سید محمد ثقلین نقوی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

علامہ ساجد نقوی کی جانب سے حافظ سید محمد ثقلین نقوی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت
 اسلام ٹائمز۔ ایک اخباری بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی کے مرکزی ترجمان نے علی پور مظفر گڑھ میں ممتاز عالم دین علامہ حافظ سید محمد ثقلین نقوی پر دہشت گردوں کے قاتلانہ حملے کے نتیجے میں ان کے شدید زخمی ہونے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ہماری قیادت کی جانب سے بہت پہلے صوبائی اور وفاقی حکومت کے ذمہ داروں کی توجہ اس جانب دلائی گئی ہے کہ ملک کے اندر شدت پسندی اور فتنہ پرستی کو دوبارہ ابھارنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض قوتوں کے ذریعے انتہائی نامناسب اور غیر دانشمندانہ اقدامات کئے گئے ہیں لیکن عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ضامن ٹس سے مس نہیں ہوئے یہی وجہ ہے کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر خان پور رحیم یار خان میں بڑے پیمانے پر شہادتیں ہوئیں اور اب علی پور مظفر گڑھ میں ایک معروف عالم دین اور مذہبی و سماجی شخصیت پر قاتلانہ حملہ سے واضح ہوتا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح پنجاب بالخصوص جنوبی پنجاب میں ایک بار پھر فرقہ وارانہ دہشت گردی کے گھناؤنے منصوبے پر عمل درآمد ہو رہا ہے جو ملک کو تباہی و بربادی کے گڑھے میں جھونکنے کے مترادف ہے۔
 
ترجمان نے مزید کہا کہ معصوم اور بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنا‘ دہشت گردی‘ ٹارگٹ کلنگ اور قتل و غارت گری کے ذریعے ملک میں بدامنی اور فتنہ انگیزی کو ہوا دینا قابل نفرت فعل ہے۔ وقتی اور عارضی مفادات کے لئے شرپسندی اور فتنہ و فساد کو بڑھاوا دینا ملک کی فضا کو خراب کرنے کے مترادف ہیں۔ رول آف لاء اور گڈگورننس اصل مسئلہ ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اگر قانون کا بلاامتیاز نفاذ کیا جائے تو بدامنی‘ شدت پسندی اور قتل و غارت گری کا تدارک کیا جاسکتا ہے اور عوام کو بھی امن و تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے بصورت دیگر شرپسندوں اور دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ ایسی صورتحال میں ملک خانہ جنگی اور تباہی سے بچانے مشکل ہوجائے گا۔
 
مرکزی ترجمان نے علامہ حافظ سید محمد ثقلین نقوی کی صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے انکے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعہ کے مرتکب دہشت گردوں اور انکے سرپرستوں کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچانے میں تاخیر نہ کرے۔
خبر کا کوڈ : 139407
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش