QR CodeQR Code

خطے کے استحکام کیلئے سہ ملکی کانفرنس نہایت اہمیت کی حامل ہے،علامہ افتخارنقوی

21 Feb 2012 01:04

اسلام ٹائمز: امام خمینی ٹرسٹ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کے مفاد میں ہے اسے پایۂ تکمیل تک پہنچایا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا اس سلسلے میں صدر آصف علی زرداری کا فیصلہ نہایت خوش آئندہ ہے اور ہم صدر کے مؤقف کی برملا تائید کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور چیئرمین امام خمینی رہ ٹرسٹ علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کہا ہے کہ خطے کے استحکام کیلئے سہ ملکی کانفرنس نہایت اہمیت کی حامل ہے، تینوں ممالک پاکستان، ایران اور افغانستان کا استحکام اسی میں ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ باہمی روابط اور تجارت کا دائرہ کار مضبوط کرتے ہوئے باہمی مفادات کا تحفظ کریں، پاکستان اور افغانستان باہم مل کر خود کو امریکی تسلط سے آزاد کرالیں جس طرح ایران نے استقامت کے ساتھ خود کو امریکی بالادستی سے نجات دلا رکھی ہے۔
 
اُنہوں نے کہا کہ ایران کا استقلال اس امر کا ثبوت ہے کہ دُنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ اتحاد سے تینوں ممالک کا فائدہ ہے، جس کا بعد ازاں فائدہ پوری اسلامی دُنیا کو ہو گا۔ فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے مسلم اُمہ کا اتحاد ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے پاکستان کے اس مؤقف کو سراہا کہ کسی کی دھمکیوں میں آئے بغیر ملکی مفادات کو مدنظر رکھ کر فیصلے کئے جائیں گے۔ گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کے مفاد میں ہے اسے پایۂ تکمیل تک پہنچایا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا اس سلسلے میں صدر آصف علی زرداری کا فیصلہ نہایت خوش آئندہ ہے اور ہم صدر کے مؤقف کی برملا تائید کرتے ہیں۔ 

علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کہا کہ نیٹو کی سپلائی کڑی شرائط کے بعد بحال کی جائے اور شرائط اوپن ہونی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا نیٹو کی سپلائی سے پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، سڑکیں خراب ہوئیں، ذرائع آمد و رفت متاثر ہوئے اور دہشتگردوں کو موقع ملا کہ ذرائع آمد و رفت کو نشانہ بنائیں۔ اُنہوں نے کہا جب سے نیٹو کی سپلائی بند ہے پشاور اور کراچی کا روٹ بھی قدرے محفوظ ہو گیا ہے۔ سپلائی دوبارہ شروع ہوئی اور معاہدہ خفیہ رکھا گیا اور اس میں ملکی مفادات کو مدنظر نہ رکھا گیا تو اسے نقصان ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکہ میں بلوچستان کے متعلق کی جانے والی بات افسوسناک، قابل مذمت اور پاکستانی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو امریکی سفیر کے اس بیان کا نوٹس لینا چاہیے، جس میں اُنہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاستدان نہیں چاہتے کہ امریکہ یہاں سے جائے۔


خبر کا کوڈ: 139419

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/139419/خطے-کے-استحکام-کیلئے-سہ-ملکی-کانفرنس-نہایت-اہمیت-کی-حامل-ہے-علامہ-افتخارنقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org