0
Wednesday 28 Oct 2009 09:50

گلگت بلتستان کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے،الطاف حسین

گلگت بلتستان کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے،الطاف حسین
لندن:متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے اور گلگت بلتستان کو اس کے تمام غصب شدہ حقوق دیئے جائیں۔ انہوں نے یہ مطالبہ آج گلگت بلتستان پریس کلب کی دعوت پر ” میٹ دی پریس “ سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس جدوجہد میں ایم کیو ایم نے آگ اور خون کے دریا عبور کئے،ہزاروں ساتھی شہید ہوئے،ہزاروں اسیر،بے گھر اور لاپتہ ہوئے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنان نے کڑی سے کڑی آزمائش کا سامنا کیا اور تمام تر نامساعد حالات کے باوجود ملک سے کرپٹ پولیٹیکل کلچر کے خاتمہ اور اپنے حق پرستانہ مشن کی جدوجہد کرتے رہے اور آج ان قربانیوں کی بدولت کراچی سے کشمیر تک ایم کیو ایم کا پیغام تیزی سے پھیل رہا ہے۔ الطا ف حسین نے گلگت بلتستان،اسکردو اور دیگر ملحقہ علاقوں کے عوام ماوٴں،بہنوں،بزرگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام اور دولتمندوں کے تسلط کا خاتمہ چاہتے ہیں تو حالیہ انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں جو غریب و متوسط طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔انہوں نے کراچی میں آباد گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے رشتہ داروں کو کہیں کہ وہ ایم کیو ایم کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے گلگت بلتستان میں آباد اسماعیلی کمیونٹی سے اپیل کی کہ ایم کیو ایم آپ کی جماعت ہے،آپ اس میں شامل ہوں۔ متحدہ قومی موومنٹ اب گلگت بلتستان میں کام کر رہی ہے اور انشاء اللہ وہ دن آئے گا جب سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلی میں گلگت بلتستان کی نمائندگی حاصل ہو گی۔ الطا ف حسین نے گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں پولیس میں مزید بھرتیاں کی جائیں،ان کی تنخواہیں زیادہ کی جائیں۔سرکاری محکموں میں ملازمتوں میں گلگت بلتستان کے لوگوں کیلئے خصوصی کوٹہ مقرر کیا جائے ۔ ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز میں گلگت بلتستان کے طلبہ کا کوٹہ مقرر کیا جائے اور طلبہ کے جائز مسائل کو حل کیا جائے۔ سیاحت کے فروغ پرخصوصی توجہ دی جائے ۔ گلگت بلتستان میں انجینئرنگ اور میڈیکل کالجز اور یونیورسٹی قائم کی جائیں۔ گلگت بلتستان میں ڈیم بنانے پر توجہ دی جائے ۔ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں پریس کلب کے قیام کیلئے خصوصی گرانٹ اور یہاں کے صحافیوں کیلئے ویج بورڈ ایوارڈ کا اعلان کیا جائے۔ اسکول اور فنی تعلیم کے ادارے قائم کئے جائیں ۔ روزگار کی فراہمی کیلئے چھوٹے چھوٹے انڈسٹریل زون قائم کئے جائیں۔ اسپتال اور ڈسپنسریاں قائم کی جائیں ۔ پولو کے فروغ کیلئے گراوٴنڈ کی تعمیر و ترقی کیلئے ادارہ قائم کیا جائے ۔ لائیو اسٹاک، جنگلات ،جنگلی حیات کی ترقی اور تحفظ کیلئے موٴثر اقدامات کئے جائیں ۔ سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اولڈ ایج بینیفٹ اور لیبر ڈپارٹمنٹ قائم کیا جائے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ انشاء اللہ گلگت بلتستان میں ایم کیو ایم کی حکومت قائم ہوئی تو وہ گلگت بلتستان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے گی ۔

خبر کا کوڈ : 13996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش