0
Friday 24 Feb 2012 08:22

سکیورٹی ایجنسیاں دہشتگردوں کے سامنے بالکل بے بس نظر آتی ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

سکیورٹی ایجنسیاں دہشتگردوں کے سامنے بالکل بے بس نظر آتی ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کوہاٹ بس اڈے پر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یاد رہے کہ کوہاٹ بازار میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق اور 30 سے زخمی ہوئے ہیں۔ جمعرات کو مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کی طرف سے مسلسل کارروائیاں یہ ثابت کر رہی ہیں کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی فورسز ان دہشتگردوں کے سامنے بالکل بے بس ہیں۔ دہشتگرد ملک بھر میں جب چاہتے ہیں اور جہاں چاہتے ہیں خودکش حملے اور ریمورٹ کنٹرول دھماکے کرتے ہیں اور کبھی کوئی دھشتگرد اور ان کے سرغنے گرفتار نہیں ہوتے اور اگر اتفاق سے کوئی گرفتار بھی ہو جائے تو اسے کوئی سزا نہیں ہوتی۔ جس کی وجہ سے ان دھشتگردوں کے حوصلے بلند ہوتے جا رہے ہیں۔ 

علامہ ناصر عباس جفعری نے کہا کہ عام شہریوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے لیکن حکومت بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں بری طرح ناکام نظر آتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک ان دہشتگردوں کی کمین گاہوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کا خاتمہ نہیں ہو گا اس وقت تک دہشتگردی کو کنٹرول نہیں کیا جا سکتا۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ معصوم انسانوں کے لہو سے ہولی کھیلنے والے سی آئی اے، موساد اور دیگر مغربی اور وسط ایشیائی ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے پروردہ ہیں۔ ان کا اولین مقصد انتشار اور فرقہ واریت پھیلا کر پاکستان کو کمزور کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس میں ایک افسوناک پہلو یہ بھی ہے کہ بعض اوقات ہمارے ملک کے خفیہ ادارے بھی اپنے مخصوص مقاصد کے لئے ان دہشتگرد عناصر کو استعمال کرتے ہیں اور ضرورت پڑے تو انھیں تحفظ بھی فراہم کرتے ہیں۔

علامہ ناصر عباس نے جان بحق ہونے والے کے لواحقین اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور انھیں عبرتناک سزا دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ایسے اقدامات کئے جائیں کہ اس طرح کے افسوس ناک واقعات پیش نہ آئیں۔
خبر کا کوڈ : 140379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش